گورنر اختیارات معاملہ - دہلی اسمبلی کا دو روزہ ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-24

گورنر اختیارات معاملہ - دہلی اسمبلی کا دو روزہ ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان

نئی دہلی
آئی اے این ایس
عام آدمی پارٹی حکومت نے ہفتہ کے دن اس بات کا اعلان کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دہلی گورنر نجیب جنگ کو دئیے گئے متعدد خصوصی اختیارات کی نوٹس کے تئیں تبادلہ خیال کے لئے دو روزہ ہنگامی اسمبلی اجلاس طلب کیاجائے گا ۔ دہلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دہلی اسمبلی سے اختیارات کو سلب کرتے ہوئے گورنر نجیب جنگ کو تفویض کرنے کے معاملہ میں26اور27مئی کو دو روزہ ہنگامی اجلاس طلب کیاجائے گا ۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی زیر صدارت ایک اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ۔ نیز اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس اجلا سمیں کے کے وینو گوپال اور سابق مرکزی اعلیٰ مشیر قانون گوپال سبرامنیم جیسے ماہرین قانون کی قانونی آرا حاصل کئے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے ۔ نیز کابینہ اس بات کا بھی فیصلہ کرے گی کہ ضرورت پڑنے پر اس اجلاس میں مزید توسیع کی جائے گی ۔ خیال رہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے جمعرات کے دن نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی احکام، اراضی، پولیس اور دیگر خدمات لیفٹننٹ گورنر کی نگرانی میں رہیں گے اور یہ نوٹس عاپ حکومت اور گورنر نجیب جنگ کے درمیان بیوروکریٹس کے تقررات اور تبادلوں کے تعلق سے جاری طویل جنگ کے بعد جاری کی گئی تھی۔ دونوں نے اس ضمن میں صدر جمہوریہ ہند سے بھی ملاقات کی ۔

یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کے100دن مکمل ہونے پر چیف منسٹر اروند کجریوال25مئی کو کناٹ پلیس میں واقع سنٹرل پارک پر ایک جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے اس مدت میں ریاستی حکومت کی کارکردگی پرروشنی ڈالیں گے ۔ عام آدمی پارٹی حکومت کے100دن کی تکمیل کے موقع پر کجریوال ، ایک جن سمواد منعقد کریں گے ۔ جلسہ عام میں وہ اپنی حکومت کے کارناموں کو پیش کرتے ہوئے مودی حکومت اور لیفٹننٹ گورنر دہلی کے ساتھ جاری رسہ کشی کے مسئلہ پر بھی روشنی ڈالیں گے ۔ حکومت دہلی کی جانب سے کئے گئے تقرررات اور تبادلوں کو لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کی جانب سے منسوخ کئے جانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے مسائل پر چیف منسٹر وضاحت کریں گے ۔ اس مسئلہ پر کجریوال ، صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے بھی ملاقات کرچکے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی اور لیفٹننٹ گورنر کے مابین رسہ کشی کا آغاز15مئی کو اس وقت ہوا جب نجیب جنگ نے شکنتلا گیملن کو دہلی کا کارگزار چیف سکریٹری مقرر کیا تھا ، جو چیف سکریٹری کے کے شرما کی امریکہ کو روانگی کے سبب ان کی غیر موجودگی کے دوران بحیثیت چیف سکریٹری کا ر گزار مقرر کیا تھا۔ اروند کجریوال کی زیر قیادت عام آدمی پارٹی حکومت کو سینئر عام آدمی پارٹی لیڈروں پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کے پارٹی سے اخراج ، ذرائع ابلاغ کے ساتھ اختلافات اور لیفٹنینٹ گورنر کے ساتھ رسہ کشی کو یاد رکھا جائے گا۔

Upping the ante, Kejriwal calls 'emergency' Assembly session

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں