یو این آئی
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ آفات سماوی سے بچاؤ کی انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہندوستان آپریشن میتری کے تحت ہزاروں ٹن راحتی سامان سڑک ، ریل اور فضائی راستے سے نیپال بھیج چکا ہے ۔ جیٹلی نے آج راحتی اشیا کی نئی کھیپ روانہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صرف امریکہ کو ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں مہارت حاصل تھی لیکن ہندوستانی فوج کے جوان نہ صرف اپنے ملک کے شہریوں کو بلکہ دوسرے ملکوں کے شہریوں کو بھی عراق، یمن اور نیپال سے بحفاظت نکال رہے ہیں ۔ نیپال کو بحران کی اس گھڑی میں مدد کے لئے تمام تنظیموں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ باز آباد کاری کا اصول یہ ہے کہ بچ جانیو الے افراد کی زندگی سابقہ زندگی سے بہتر ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان نہ صرف جغرافیائی تعلقات ہیں بلکہ دونوں ملکوں کے مابین قریبی ثقافتی تعلقات بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں (این جی او) کو زلزلے سے متاثرہ نیپال میں باز آباد کاری کے عمل میں شامل ہونا چاہئے ۔ نیپال میں راحت کے بعد اب باز آباد کاری کا کام شروع ہونا چاہئے اور اس کام میں این جی او کو شامل ہونا چاہئے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ زلزلے سے نیپال میں جو لوگ بچے ہیں، ان کی زندگی کے معیار میں یقینی طور پر بہتری ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ باز آباد کاری کا اصول ہے کہ جو لوگ زندہ بچے ہیں ، ان کی زندگی کے معیار پہلے کے مقابلے میں یقینی طور پر بہتر ہوں ۔
India's disaster management capacity has improved, Arun Jaitley
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں