انتونی نے افسپا کو منسوخ ہونے نہیں دیا - چدمبرم کا انکشاف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-04

انتونی نے افسپا کو منسوخ ہونے نہیں دیا - چدمبرم کا انکشاف

نئی دہلی
یو این آئی
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسلح افواج خصوصی اختیار قانون( افسپا) جیسے خطرناک قانون کے لئے مہذب ملک میں کوئی جگہ نہیں ہوتی، سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے آج کہا کہ انہوں نے یو پی اے دور حکومت میں اس قانون کو منسوخ کرنے کی کوشش کی تھی ، لیکن یہ ناکام رہی، کیوں کہ اے کے انتونی کی وزارت دفاع اور مسلح افواج نے اسے ناکام بنادیا ۔ چدمبرم نے ایک آرٹیکل میں کہا کہ وزیر داخلہ کی حیثیت سے میں قائل ہوچکا تھا کہ افسپا کو منسوخ کردینا چاہئے ۔ وزارت دفاع اور مسلح افواج نے اس کی مخالفت کی ۔ وزیر دفاع اس کی تنسیخ کے لئے آمادہ نہیں تھے ۔ سابق وزیر داخلہ کا یہ انکشاف ایسے وقت ہوا ہے جب کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی تائید سے مفتی سعید کی حکومت کی تشکیل کے بعد افسپا کی تنسیخ کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے ۔ بی جے پیاو رپی ڈی پی نے مخلوط حکومت کے مشترکہ ایجنڈے میں آمادگی ظاہر کی ہے کہ افسپا کو ریاست سے مرحلہ وار ہٹادیاجائے گا۔ حال میں پی ڈی پی قائد محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت نے بعض علاقوں سے افسپا ہٹانے نظر ثانی کا عمل شروع نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کے قیام کو دو ماہ ہی ہوئے ہیں اور جن حالات کا اسے سامنا کرنا پڑ ا انہوں نے اسے اس کی اجازت ہی نہیں دی ۔ سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ متنازعہ قانون میں ترمیم کے لئے سمجھوتہ فارمولے طے پارہا تھا، لیکن یہ بات بھی آگے نہیں بڑھ سکی۔ چدمبرم نے کہا کہ مشیر قومی سلامتی اور میں نے ترمیم کا مسودہ تیار کیا تھا ۔ چدمبرم نے کہا کہ ترمیمی بل لانے کے لئے کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور یہ خطرناک برقرار رہا ، جس سے علیحدگی پسندوں کی مہم کو تقویت ملتی رہی ۔ ہم ان لوگوں کے سامنے مذاق بن کر رہ گئے جو انسانی حقوق کی قدر کرتے ہیں اور انہیں برقرار رکھتے ہیں ۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سی آر پی ایف ، اور بی ایس ایف کے کئی سینئر عہدیدار آمادہ ہوگئے تھے کہ وہ افسپا کے بغیر اپنے فرائض انجام دیں گے ۔ چدمبرم نے آخر میں کہا کہ جموں و کشمیر تا منی پور اگر کوئی چیز ڈرامائی تبدیلی لاسکتی تھی تو وہ صرف افسپا کی تنسیخ کا اقدام ہوسکتا تھا ۔ اسے مزید انسانی قانون سے تبدیل کیاجاسکتا تھا۔

Antony did not allow us to repeal AFSPA, says Chidambaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں