دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کا دوہرا معیار - ہندوستا ن اور منگولیا کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-18

دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کا دوہرا معیار - ہندوستا ن اور منگولیا کا الزام

بتور
پی ٹی آئی
ہندوستان اور منگولیا نے دہشت گردی سے نمٹنے میں بین الاقوامی برادری کے دوہرے معیارات اور منتخب نشانوں پر کام کرنے کے خلاف شدید تنقید کی اور امید ظاہر کی کہ دہشت گردوں کی تمام محفوظ پناہ گاہیں بلا تاخیر ختم کردی جائیں گی۔ نریندر مودی نے جو منگولیا کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں ، اپنے منگولیائی ہم منصب سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعلقات کو نئی بلندی تک لے جانے کی خواہش کی۔ دونوں وزرائے اعظم نے یہ احساس ظاہر کیا کہ حالیہ برسوں میں بین الاقوامی دہشت گردی جس نوعیت اور پھیلاؤ سے سامنے آئی ہے وہ تمام انسانیت کے لئے خطرہ ہے اور اس پر عالمی عزم اور بین الاقوامی برادری کے دوہرے معیار کے بغیر باہمی اقدامات کی ضرورت ہے۔ مودی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ منگولیا بھی اب ہندوستان کی اقدام مشرق پالیسی کا حصہ بن گیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور منگولیا کا مقدر ایشیا بحر الکاہل کے مستقبل سے مربوط ہے چنانچہ امن ، استحکام اور خوشحالی کے لئے دونوں ممالک مل جل کر کام کرسکتے ہیں ۔ دونوں ممالک نے13معاہدوں پر دستخط کئے جن میں سائبر سیکوریٹی اور فضائی خدمات کے شعبوں میں باہمی تعاون کا فروغ شامل ہے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر منگولیاکی معاشی ترقی اور انفراسٹرکچر کی توسیع میں مدد کے لئے ایک بلین ڈالر کا قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم نے ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیا جس میں جامع دفاعی تعان اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا عہد کیا گیا ۔ دونوں ممالک نے عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے کے معاہدہ پر بھی دستخط کئے ۔ دونوں وزرائے اعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جلد از جلد اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کونسل کے مستقل اور غیر مستقل دونوں زمروں کی توسیع کی ضرورت ظاہر کی تاکہ ابھرتے ہوئے چیلنجس سے نمٹنے کے لئے کونسل کو زیادہ موثر اور نمائندہ بنایاجاسکے ۔ منگولیا نے سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے لئے ہندوستان کی تائید کی ۔

India, Mongolia Slam 'Double Standards' on Combating Terrorism

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں