دہلی ویمنس کمیشن میں ڈرامہ - کمار وشواس کو سیاسی محرکات کی بنیاد پر سمن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-06

دہلی ویمنس کمیشن میں ڈرامہ - کمار وشواس کو سیاسی محرکات کی بنیاد پر سمن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی ویمنس کمیشن میں آج زبردست ڈرامہ دیکھا گیا جہاں ایک رکن نے ادارہ کی سربراہ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے الزام لگایاکہ انہوں نے پارٹی کی ایک والینٹرکی شکایت کی بنیاد پر سمن جاری کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس کی امیج کو مسخ کیا ہے ۔ اس پارٹی والینٹر نے شکایت کی تھی کہ کمار واشواس نے ان کے ساتھ ناجائز تعلقات کے بارے میں افواہوں کی تردید نہیں کی ہے۔ دہلی ویمنس کمیشن کی رکن جوہی خان نے کمیشن کی سربراہ برکھا سنگھ کے ساتھ صحافت سے مشترکہ رابطہ کے دوران برہمی کا اظہار کیا اور کمار وشواس اور ان کی بیوی کو سمن جاری کرنے کے فیصلے کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ وہ احتجاج کے طور پر کمیشن سے استعفیٰ دے رہی ہیں ۔ دہلی ویمنس کمیشن نے کل کمار وشواس اور ان کی بیوی کو سمن جاری کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ آج سہ پہر تک پیانل کے روبرو پیش ہوں لیکن کمار وشواس کمیشن کے روبرو پیش نہیںہوئے اور کہا کہ انہیں کمیشن کی طرف سے کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ برکھا سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ کمار وشواس کے خلاف تازہ سمن جاری کئے گئے ہیں کہ وہ چہار شنبہ کو12بجے تک کمیشن کے سامنے پیش ہوں جس پر جوہی خان نے جو صدر نشین کے بازو بیٹھی ہوئی تھیں اس فیصلے پر اعتراض کیا اور کہا کہ عام آدمی پارٹی لیڈر کو سیاسی اغراٖض کے لئے نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ برکھا سنگھ کانگریس کی سابق رکن اسمبلی ہیں اور عام آدمی پارٹی کی سابقہ حکومت کے دوران کجریوال حکومت سے ان کی کشمکش ہوئی تھی جب کہ قحبہ گری کے ایک ریاکٹ کے خلاف آدھی رات کے وقت دھاوے میں سومناتھ بھارتی کے رول پر ایک تنازعہ پیدا ہوا تھا ۔ دوسری طرف دہلی ویمنس کمیشن کی سربراہ نے الزام لگایا کہ جوہی خان حال ہی میں عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئی ہیں اسی وجہ سے انہوں نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے ۔ برکھا سنگھ نے الزام لگایا کہ جوہی خان عام آدمی پارٹی کی رکن ہیں انہیں پارٹی نے ہماری پریس کانفرنس میں گڑ بڑ کرنے کے لئے بھیجا ہے ۔ ممتا سنگھ نے کمار وشواس کو سمن جاری کرنے کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ بعض باتیں کمار وشواس کے خلاف ہیں ۔ ہم پولیس کو مزید دستاویزات بھیج رہے ہیں۔ اس خاتون نے الزام لگایا کہ کمار وشواس نے اس مسئلہ کو ایک معمولی بات قرا ر دے کر مسترد کردیا ہے ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ آج امریکہ جارہے ہیں۔ ہم نے انہیں دوبارہ طلب کیا ہے۔ اس دوران کجریوال نے کمار وشواس کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ ناجائز تعلقات نہیں ہیں اس کے باوجود چیانلوں پر طرح طرح کی باتیں کی جارہی ہیں ۔ کمار وشواس کی بیٹی اسکول نہیں جارہی کیونکہ اس سے وہاں پریشان کن سوالات کئے جارہے ہیں ۔ اس دوران عام آدمی پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج گپتا نے پاناجی میں اس مسئلہ کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمار وشواس اور عام آدمی پارٹی کے تعلق سے پارٹی مخالف طاقتوں کی انتقامی کارروائی ہے ۔
عام آدمی پارٹی حکومت میڈیا سے اپنی بیزارگی کی ایک علامت میں آج فیصلہ کیا ہے کہ تمام نیوز چیانلس پر قریبی نظر رکھی جائے گی۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج ہی میڈیا سے کہا ہے کہ وہ پارٹی لیڈروں کی بیویوں اور بچوں کو تنازعات میں گھسیٹنے سے گریز کرے ۔ حکومت نے ڈائرکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلسٹی کو جاری ایک حکم میں کہا وہ صبح9بجے سے رات11بجے کے درمیان نیوز چیانل کے مواد پر نظر رکھے گی ۔ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیدار اب تک صرف حکومت سے متعلق اخباری تراشوں کا ہی ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ ایک اعلیٰ سر کاری عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حکومت سے متعلق نیوز چیانلوں پر پیش کردہ مواد پر نظر رکھیں اور نشریات کے بارے میں روزانہ چیف منسٹر کے دفتر کو رپورٹ پیش کریں۔ حال ہی میں کجریوال نے الزام لگایا تھا کہ میڈیا عام آدمی پارٹی کا صفایا کرنے کی سازش میں شامل ہوگیا ہے ۔ میڈیا کے بعض گوشوں پر تنقید جاری رکھتے ہوئے کجریوال نے ذرائع ابلاغ پر عام آدمی پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ پارٹی قائدین کی بیویوں اور بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ کجریوال نے یہ تبصرہ سینئر پارٹی لیڈر کمار وشواس کے بارے میں پارٹی کی ایک خاتون رکن کی شکایت کے پس منظر میں کیا ہے ۔ اس خاتون نے کہا تھا کہ کمار وشواس نے ان کے ساتھ ناجائز تعلقات کے بارے میں افواہوں کی تردید نہیں کی ۔ اس کے بعد دہلی کے ویمنس کمیشن نے انہیں اور ان کی بیوی کو سمن جاری کیا۔

Split in Delhi Commission for Women over Kumar Vishwas 'affair' row

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں