داعش نے ٹیکساس حملوں کی ذمہ داری قبول کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-06

داعش نے ٹیکساس حملوں کی ذمہ داری قبول کی

ہوسٹن
پی ٹی آئی
گستاخانہ کارٹون نمائش میں 2بندوق برداروں کے گھس پڑنے کے واقعہ کے ایک دن بعد آج اسلامی ریاست( آئی ایس) نے امریکہ میں مزید ہلاکت خیز حملے کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ عراق و شام کے بڑے رقبہ پر قابض اسلامی ریاست نے شام سے نشر ہونے والے البیان ریڈیو اسٹیشن پر کہا کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں گار لینڈ میں منعقدہ نمائش پر خلافت کے2سپاہیوں نے حملہ کیا جو امریکی سر زمین پر آئی ایس کا پہلا حملہ تھا ۔ اسلامی ریاست کے دیگر جانباز امریکہ پر مزید حملے کریں گے جو پہلے سے کہیں زیادہ ہلاکت خیز اور تباہ کن ہوں گے ۔ امریکہ دیکھ لے گا کہ اسلامی ریاست کے سپاہی اسے کیا نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ بیان میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اتوار کو گارلینڈ میں کئے گئے حملہ کے لئے آئی ایس نے بندوق بردار مسلم نوجوانوں کی کس طرح رہنمائی کی اور منصوبہ سازی کیسے انجام دی۔ کل کے حملہ میں جان بحق ہونے والے بندوق برداروں کی شناخت ایلٹن سمپسن اور اس کے دوست نادر صوفی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ واشنگٹن پوسٹ نے نفاذ قانون عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ پوسٹ کے مطابق 31سالہ سمپسن نے حملہ سے عین قبل ایک ٹویٹ کے ذریعہ خود کو آی ایس سے مربوط بتایا تھا ۔ وفاقی ایجنٹس ایریزونا کے فونکس میں اس اپارٹمنٹ کی تلاشی لینے میں مصروف ہیں جہاں سمپسن کا قیام تھا ۔ سمپسن پر سیکوریٹی ایجنسیوں کی2006ء سے نظر تھی اور صومالیہ میں جہاد میں شامل ہونے کے اس کی خواہش کے بعد2010ء میں اسے قصور وار بھی قرار دیا گیا تھا ۔ ایف بی آئی ایجنٹس نے فونکس میں دونوں مسلم نوجوانوں کے فلیٹس کی کئی گھنٹوں تک تلاشی لی اور اس سے قبل پوری عمارت کا تخلیہ کرادیا ۔ کل کے واقعہ میں آزادی اظہار خیال کے حامیوں نے گستاخانہ کارٹون مقابلہ رکھا تھا تاہم پروگرام جاری رہنے کے دوران دونوں نوجوان ایک کار میں اس مقام پر پہنچے اور فائرنگ شروع کردی جس کے بعد نمائش درہم برہم ہوگئی ۔

ISIS claims responsibility for Texas shooting but offers no proof

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں