حکومت ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی ختم کرنے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-25

حکومت ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی ختم کرنے کوشاں

نئی دہلی
یو این آئی
ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں51فیصد راست غیر ملکی سرمایہ کاری( ایف ڈی آئی) کا نوٹیفیکشن دوبارہ جاری ہونے سے مچے کہرام سے مرکزی حکومت چھوٹے تاجروں کا مزاج بھانپتے ہوئے ریٹیل بازار میں ایف ڈی آئی ختم کرنے مین مصروف ہوگئی ہے ۔ صنعتی پ الیسی اور ترقی محکمہ نے گزشتہ دنوں ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں51فیصد ایف ڈی آئی کے التزام والے نوٹیفکیشن کو ایک بار پھر جاری کردیا جس کی ملک بھر میں چھوٹے کاروباریوں نے سخت نکتہ چینی کی اور سڑک پر اترنے کی دھمکی دے ڈالی ۔ اس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اور نریندر مودی حکومت دفاع کے پوزیشن میں آگئی اور حکومت اور پارٹی سطح پر بیان جاری کئے گئے ۔ بی جے پی نے لوک سبھا الیکشن کے دوران کہا تھا کہ ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی کی اجازت دی جائے گی ۔ ایف ڈی آئی کے سلسلے میں بی جے پی کا کہنا ہے کہ ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی نہیں ہونا چاہئے ۔ پارٹی کے مطابق ایف ڈی آئی کی اجازت صرف انہیں شعبوں میں دی جانی چاہئے جہاں ضرورت ہے اور جہاں اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید ٹکنالوجی ملتی ہو ۔ نوٹیفیکشن جاری ہونے پر مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ ملٹی برانڈریٹیل کاروبار میں ڈائریکٹ غیر ملکی سرمایہ کاری کی پالیسی پر بی جے پی اپنے پرانے موقف پر قائم ہے لیکن موجودہ حکومت سابقہ حکومت کی پالیسی پر ہی چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی کے معاملے پر بی جے پی کا موقف سب کو معلوم ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ مرکز کی این ڈی اے حکومت سابقہ حکومت کی پالیسیوں پر ہی چل رہی ہے ۔ دریںاثنا صنعت و تجارت کی وزیر نرملا سیتا رمن نے ملٹی برانڈریٹیل کاروبار میں 51فیصد راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے نوٹیفکیشن کو واپس لینے پر غور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ای کامرس کو پچھلے راستے سے ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی لانے کا ذریعہ بننے نہیں دیاجائے گا۔ ملک میں سپر مارکیٹ کھولنے میں ایف ڈی آئی لانے کی کوئی تجویز کو تسلیم نہیں کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اسے واپس کابینہ میں رکھوں گی اور کہوں گی کہ اس تجویز کو مسترد کیاجانا چاہئے ۔ ہم یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ ای کامرس ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی کا راستہ نہ بن پائے۔ دریں اثنا آل انڈیا ٹریڈرس فیڈریشن نے ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں51 فیصد راست غیر ملکی سرمایہ کاری( ایف ڈی آئی) پر حکومت کے دوبارہ غور کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ملٹی بازار انتہائی غیر منظم ہے اور اس کے مکمل ترقی کے لئے اسے منظم کرتے ہوئے فروغ دیاجانا چاہئے ۔ فیڈریشن نے محترمہ سیتا رمن کو دئے گئے ایک میمورنڈم میں کہا ہے کہ ریٹیل کاروبار منظم کرنے کے لئے قومی تجارتی پالیسی، ای کامرس تجارت کے لئے مقررہ قانون اور ضابطے ، ڈائریکٹر سیلنگ کے لئے مقررہ قانون و ضابطے اور ریٹیل کاروبار سے متعلق تمام قوانین کا جائزہ لینا بے حد ضروری ہے ۔ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ ملٹی برانڈ ریٹیل کاروبار میں ایف ڈی آئی کی کوئی بھی درخواست قبول نہیں کرنے کے بیان سے تاجروں کا مودی حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں