داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود - راجناتھ سنگھ کا لوک سبھا میں بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-12

داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود - راجناتھ سنگھ کا لوک سبھا میں بیان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
داؤد ابراہیم کے اتہ پتہ کے بارے میں بے خبر ہونے سے متعلق پارلیمنٹ میں بیان پر شدید تنقیدوں کا سامنا کرنے کے بعد حکومت نے آج پرزور انداز میں کہا کہ ممبئی دھماکوں کا سرغنہ پاکستان میں موجود ہے اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لانے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اس سلسلہ میں لوک سبھامیں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہاں ہم پاکستان کو قائل کریں یا اس پر دباؤ ڈالیں جب تک داؤد ابراہیم کو واپس نہیں لیاجائے گا اس وقت تک ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان اس مسئلہ پر تمام سطحوں سے پاکستان پر دباؤ برقرا ررکھے ہوئے ہے۔ پاکستان نے داؤد کی موجودگی سے متعلق ٹھوس اطلاعات کی بنیاد پر شہادتیں فراہم کرنے کے باوجود پڑوسی ملک اب تک اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ لوک سبھا میں گزشتہ ہفتہ مملکتی وزیر داخلہ ہری بھائی پرتھی بھائی چودھری نے لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ گینگسٹری کی سکونت کے مقام سے حکومت واقف نہیں ہے ۔ اس پر اپوزیشن نے حکومت پر شدید تنقید کی ۔ اس پر انہوں نے یہ کہتے ہوئے مدافعت کی کوشش کی کہ ان کا بیان یو پی اے حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں مئی2013میں دئیے گئے بیان کے مماثل ہے ۔ اور یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ دوبارہ غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں اس پر آج بیان دیں گے ۔ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں داؤد ابراہیم کی موجودگی کے بارے میں ہندوستان کے پاس ٹھوس اطلاعات موجود ہیں ۔ پاکستان کو کافی دستاویزی اور دیگر ثبوت حوالے کئے جانے کے باوجود داؤد ابراہیم کا پتہ لگانے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے میں ناکام ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ انٹر پول کی جانب سے داؤد کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس1996سے زیر التوا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خصوصی نوٹس بھی 2006سے زیر التوا ہے ، وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اس کا پتہ لگانے اور اسے پکڑ کر ہندوستان کے حوالے کرنے کے لئے بین الاقوامی معاہدوں کے تحت کام کرنے کا پابند ہے ۔ ہندوستان نے اس کے پاکستانی پاسپورٹ اور مبینہ ٹھکانوں کے بارے میں وقت بہ وقت پاکستان کو تفصیلات فراہم کی ہیں اور اس کا پتہ لگا کر اسے ہمارے حوالے کرنے کے لئے کہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی کے لئے ہندوستان نے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا ہے اور داؤد ابراہیم کے علاوہ دیگر دہشت گردوں کو بھی ہندوستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Dawood Ibrahim in Pakistan, says Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں