امریکی شہر فیونکس کی مسجد کے باہر اسلام مخالف مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-31

امریکی شہر فیونکس کی مسجد کے باہر اسلام مخالف مظاہرہ

فیونکس
رائٹر
ٹیکساس میں مسلم مخالف نمائش کے بعد اب ایریزونا کی مسجد کے باہر200سے زیادہ افراد نے اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ اس مظاہرہ کے بعد جوابی مظاہرہ بھی ہوا جس میں مسلمانوں نے نازیوواپس جاؤ کے نعرے لگائے ۔ دونوں جانب کے مظاہرین ایک دوسرے کے خلاف بڑھ چڑھ کر نعرے لگارہے تھے اور برا بھلا کہہ رہے تھے۔ پولیس نے دونوں گروپوں کو الگ کردیا۔ مظاہرہ کا اہتمام کرنے والے جان رئزیمرنے فیس بک پر اعلان کیا کہ یہ ٹیکساس میں ہوئے حملہ کا جواب ہے کیونکہ حملہ آوروں نے یہاں عبادت کی تھی ۔ واضح رہے کہ ٹیکساس میں اسلام مخالف نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں گستاخانہ کارٹون پیش کئے گئے ہٰں ۔ جس پر2نوجوانوں نے دھاوا بول دیا تھا مگر پولیس نے انہیں ہلا ک کردیا تھا ۔ پولیس کو مظاہرین کے جمع ہونے کی توقع تھی اور وہ ہیلمٹ اور گیس ماسک کے ساتھ تیار تھی ۔ انہوں نے مظاہرین کو منتشر کردیا ، نہ کوئی تشدد ہوا اور نہ ہی گرفتاری ہوئی ۔ اسلام مخالف مظاہرین اسلام کو قاتلوں کا مذہب بتار ہے تھے ۔ ایک درجن سے زیادہ لوگ فوجی وردی میں ملبوس تھے اور انہوں نے بندوقیں اٹھا رکھی تھیں۔ دیگر لوگ گستاخانہ کارٹونوں کی نقلیں لہرا رہے تھے جو ٹیکساس کی نمائش میں رکھے گئے تھے۔ مسلمان پیغمبر ؐ کے کارٹون اور خاکے بنانے کو غیر اسلامی و توہین آمیز سمجھتے ہیں ۔ حالیہ مہینوں میں یوروپ اور امریکہ میں اس کی وجہ سے تشد د ہوا ہے جو لوگ کارٹون بناتے ہیں اور یا ان کی نمائش کرتے ہیں ۔ انہیں جنگجو نشانہ بناتے ہیں ۔ مسلم مخالف گروپ امریکہ میں سرگرم ہیں۔ وہ اشتہارات دے کر اسلام کو پرتشدد مذہب بتاتے ہیں اور اس کے لئے وہ عراق اور شام میں اسلامی مملکت کے وحشیانہ قتل کے واقعات کا حوالہ دیتے ہیں ۔ فیونکس کی جس مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ اس طرح کے تشدد کی مذمت کرتی ہے ۔ یہاں کے امام جمعہ کے خطبوں میں اسلامی مملکت۔ القاعدہ اور نائیجریا کے بوکو حرام پر نکتہ چینی کرتے رہے ہیں ۔ مرکز کے صدر نے نمازیوں سے اپیل کی کہ وہ مظاہرین سے نہ الجھیں ۔ کل کے خطبہ میں اسامہ شمسی نے نمازیوں سے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم غلط کام کرنے والوں کا مقابلہ غلط حرکتوں سے نہیں کرسکتے بلکہ ان کا مقابلہ رحم دلی اور اچھائی سے کرنا چاہئے ۔ جنوری میں پیغمبر اسلام ﷺ کے توہین آمیز خاکے کے شائع کرنے والے پیرس کے رسالے چارلی ہبڈو کے دفتر میں گھس کر مسلح افراد نے12افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ تین مئی کو ٹیکساس کی نمائش پر بھی حملہ کیا گیا تھا مگر اسے ناکام کردیا گیا اور حملہ آوروں کو پولیس نے مار ڈالا۔ اسلام کا خوف مطالعات میں حصہ لینے والے پروفیسر اور دیگر جنگجوؤں کی وحشیانہ حرکتوں سے مسلمانوں کے بارے میں امریکیوں کا تاثر خراب ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو تہائی کی امریکی کسی مسلمان کو نہیں جانتے۔ وہ جانتے ہیں کہ داعش ، القاعدہ اور چارلی ہبڈو کیاہے۔ وہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑتے ہیں ۔ فوینکس مین ہزاروں مسلمان آباد ہیں ۔ امریکی اسلامی تعلقات کونسل کی ایر یزونا شاخ کے انچارج عمران صدیقی نے کہا کہ یہ واقعہ اسلام مخالف جذبات کی وبا کا حصہ ہے جو انتہا پسندی کی مخالفت سے آگے نکل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ غلط نہ سمجھیں یہ لوگ یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ امریکہ کو انقلابی اسلام سے پاک کرنا چاہتے ہیں بلکہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم امریکہ کو اسلام سے ہی پاک کرنا چاہتے ہیں ۔

Crowds gather for anti-Islam demonstration outside Phoenix mosque

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں