آندھرا پردیش میں سیاسی قتل واقعات کے لئے چیف منسٹر ذمہ دار - جگن کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-05

آندھرا پردیش میں سیاسی قتل واقعات کے لئے چیف منسٹر ذمہ دار - جگن کا الزام

حیدرآباد
پی ٹی آئی، آئی اے این ایس
آندھرا پردیش میں اصل اپوزیشن وائی ایس ایس آر کانگریس پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ حکمراں تلگو دیشم پارٹی سیاسی قتل و اقعات میں ملوث ہے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کیڈرس کا بلا اشتعال قتل کیاجارہا ہے ۔ پارٹی نے تمام واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ اس سلسلہ میں قائداپوزیشن صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے راج بھون پہنچ کر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور انہیں ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ سیاسی قتل کے تمام واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دینے کے لئے ریاستی حکومت کو ہدایت دیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک سرکاری سرپرستی میں قتل کے واقعات کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی اور ان قتلوں کے ذمہ داروں کو قانون کے دائرہ میں نہیں لایاجاتا تب تک حکومت اور تلگو دیشم پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہی رہیں گے اور وہ ایسے واقعات کا اعادہ کرتے جائیں گے ۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ برائے مہربانی سیاسی قتل کے تمام واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے ریاستی حکومت کو احکام جاری کریں تاکہ خاطیوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں سزا دی جاسکے۔ یادداشت میں الزام عائد کیا گی ہے کہ حکمران تلگو دیشم پارٹی سیاست میں اپوزیشن کے صفائے کے منصوبہ پر کام کررہی ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی اور اس کے قائدین کا طرز عمل جمہوری اقدار کے منافی ہے اور وہ اپنی طاقت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے مخالف آوازوں کو کچلنے میں مصروف ہیں جب کہ بالخصوص وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کو یکے بعد دیگرے نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ ضلع اننت پور میں ایک وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد کا حالیہ قتل سیاسی قتل واقعات کی تازہ ترین مثال ہے ۔ ضلع اننت پور میں پیش آئے قتل کے تازہ واقعہ میں پارٹی کے ایک سینئر قائد کو ہلاک کردیا گیا تھا جب کہ وہ کسی کام کے سلسلہ میں ایم آر او آفس جارہے تھے ۔ ریتاڈو منڈل کے پارٹی کنوینر بھومی ریڈی پرساد ریڈی کا 29اپریل کو قتل کردیا گیا تھا ۔ جگن نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم پارٹی کی حکومت ان واقعات پر خاموشی اختیار کررہی ہے جس کے نتیجہ میں تلگو دیشم کیڈر کے حوصلے بلند ہوتے جارہے ہیں ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے اسمبلی میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا تاہم حکومت نے بھی اس پر کوئی دھیان نہیں دیا۔ جگن نے راست طور پر الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کیڈرس کی ہلاکتوں کے لئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے گورنر سے شکایت کی کہ ریاست میں اپوزیشن پارٹی کیڈر پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور نظم و ضبط کی برقراری کے لئے آپ(گورنر)کی مداخلت ناگزیر ہے ۔ قائد اپوزیشن نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے تمام قتل واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے گورنر کو ضلع اننت پور کی صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد پرساد ریڈی کا ایک سرکاری دفتر میں دن دھاڑے بہیمانہ قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے قاتلوں کو گرفتارکرنے کے بجائے اس قتل کے خلاف احتجاج کررہے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ انہوں نے ایک اور پارٹی قائد وجئے بھاسکر ریڈی کے قتل کا بھی حوالہ دیا جو اسی ضلع میں31مارچ کو پیش آیا تھا ۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس کی اپیل پر آج اننت پور میں بند منایا گیا ۔ پارٹی قائدین کے سلسلہ وار قتل واقعات اور اس کے دیگر قائدین کی گرفتاری کی مذمت میں بند کی اپیل کی گئی تھی ۔ پولیس نے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے تھے ۔

Andhra Pradesh Chief Minister responsible for organizing political murders Jagan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں