سلیم صدیقی، ایس این بی
لکھنو، فیض آباد اور وارانسی کی عدالتوں میں سیریل بم دھماکوں کے معاملے میں ملزم حکیم محمد طارق قاسمی کو ضلع جیل کی خصوصی عدالت کے ذریعے عمر قید اور جرمانے کی سزا باعث حیرت اور افسوس ہے ۔ جمعیۃ علما ہند اس فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کرے گی۔ یہ بات آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے روزنامہ راشٹریہ سہارا سے خصوصی بات چیت کے دوران کہی۔ مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ اتر پردیش کے مختلف بم دھماکون میں ماخوذ ملزم حکیم محمد طارق قاسمی کو بارہ بنکی جیل میں ایڈیشنل جج کی خصوصی عدالت کے ذریعے سنائی گئی سزا ہمارے لئے باعث حیرت ہے ۔کیونکہ نمیش کمیشن کی رپورٹ کے بعد اس بات کی امید تھی کہ انہیں باعزت بری کردیاجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ ہماری دانست میں اس معاملے میں انصاف نہیں ہوا، اس لئے جمعیۃ علماء ہند اس فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ میں اپیل داخل کرے گی ۔ مولانا مدنی نے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ ہمارا یہ تجربہ رہا ہے کہ نچلی عدالتوں سے ہمیں انصاف نہیں مل پاتا ہے اور فیصلے بھی انتہائی تاخیر سے ہوتے ہیں ۔ ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کہ نچلی عدالتیں مقامی انتظامیہ یا دیگر قوتوں کے زیر اثر کام کرتی ہیں اور جب وہی فیصلہ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ پہنچتے ہیں تو فیصلہ کچھ اور ہوتا ہے اور انصاف بھی ملتا ہے ۔ انہوں نے اکشر دھام مقدمہ کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح ہمیں اس معاملے میں بھی انشاء اللہ انصاف ضرور ملے گا اور قوی امکان ہے کہ سپریم کورٹ میں جانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے اور ہائی کورٹ میں ہی انصاف مل جائے ۔انہوں نے بتایا کہ بارہ بنکی کی عدالت میں اس مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ رندھیر سنگھ سمن اور ایڈوکیٹ محمد شعیب پیروی کررہے تھے ۔ جمعیۃ علماء لکھنو اور فیض آباد کے مقدموں کی پیروی بھی کررہی ہے۔ لکھنو کیس کی پیروی ایڈوکیٹ رندھیر سنگھ سمن اور محمد شعیب اور فیض آباد کے مقدمہ کی پیروی ایڈوکیٹ جلال الدین اور ایڈوکیٹ جمال الدین کو سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ابتدائی کارروائی کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹرا کی قانونی امداد کمیٹی کے سکریٹری گلزار اعظمی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد سے جلد اس فیصلہ کی نقل حاصل کرکے لکھنو، دہلی و ممبئی کے ماہرین قانون سے مشورہ کریں اور نچلی عدالت کے اس فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کی تیاری کریں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورکھپور مین قائم مقدمہ کو ڈسچارج کرانے کے لئے ایڈوکیٹ ارشاد حنیف کے توسط سے سپریم کورٹ میں بھی ایک عرضداشت داخل کی گئی ہے اور مئی کے پہلے ہفتہ میں اس پر سماعت کا امکان ہے ۔ مولانا مدنی نے طارق قاسمی کے لواحقین بالخصوص ان کے کسر مولانا اسلم قاسمی سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ آپ مایوس نہ ہوں۔ جمعیۃ علماء اس فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی اور ہمیں کامیابی ملے گی ۔
علاوہ ازیں مولانا ارشد مدنی نے آج نیپال اور شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں آنے والے زلزلہ کے جھٹکوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور تمام برادران وطن بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قدرتی آفات کے شکار متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں سے بھی درخواست کی کہ وہ زلزلہ متاثرین کی امداد اور تمام ضروریات کی فراہمی میں لا پرواہی یا سرد مہری کا مظاہرہ نہ کریں ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں