ممبئی سمیت کئی شہروں میں دہشت گردانہ حملے کا خدشہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-15

ممبئی سمیت کئی شہروں میں دہشت گردانہ حملے کا خدشہ

ممبئی
آئی این ایس انڈیا
سیکوریٹی ایجنسیوں نے ممبئی سمیت ملک کے کئی شہروں میں دہشت گردانہ حملے کا الرٹ جاری کیا ہے ۔ ایجنسیوں کے مطابق دہشت گرد تنظیم’’ لشکر طیبہ‘‘ آئندہ دو سے تین ماہ میں کئی شہروں میں ایک کے بعد ایک کئی حملے کرسکتی ہے ۔ ایجنسیوں کے مطابق یہ دہشت گرد سمندر کے راستے ممبئی میں گھس سکتے ہیں اور ان کی تعدا د آٹھ سے دس تک ہو سکتی ہے ۔ سمندر کے راستے ممبئی میں داخل ہونے کے بعد ان دہشت گردوں کے نشانے پر تمام بڑے ریلوے اسٹیشن اور پانچ ستارہ ہوٹل ہوسکتے ہیں۔ ممبئی ریل پولیس کمشنر نے شہر کے تمام ریل پولیس تھانوں کو ایک خط لکھ کر سب کو محتاط رہنے اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کو کہا ہے ۔ اگرچہ انٹلی جنس بیوراور را کے ذرائع نے صاف کیا ہے کہ یہ ایک عام قسم کا الرٹ ہے جو کچھ دن پہلے تمام ریاستوں کو جاری کیا گیا تھا ۔ اس الرٹ میں کسی ایک شہریا ٹارگیٹ کی طرف اشارہ نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ الرٹ پہلے کے الرٹ کے سلسلے کو ہی آگے بڑھاتا ہے کیونکہ مئی 2014میں مرکز میں مودی حکومت کے آنے کے بعد سے ہی ملک میں لشکر کی طرف سے دہشت گردانہ حملہ کئے جانے کا مسلسل خدشہ بنا ہوا ہے ۔ سیکوریٹی ایجنسیوں کی طرف سے یہ الرٹ26/11حملے کے اہم ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کے فوراً بعد جاری کیا گیا ۔ دراصل لکھوی کو گزشتہ ہفتے ہی لاہور کی ایک کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔ اگرچہ ہندوستان نے لکھوی کی رہائی کے خلاف اپنا احتجاج بھی درج کرایا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں