17 پولیس جوانوں پر وقار احمد اور ساتھیوں کے قتل کا الزام - آلیر پولیس اسٹیشن میں شکایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-12

17 پولیس جوانوں پر وقار احمد اور ساتھیوں کے قتل کا الزام - آلیر پولیس اسٹیشن میں شکایت

حیدرآباد
آئی اے این ایس ۔ پی ٹی آئی
آلیر اور جنگاؤں کے درمیان انکاؤنٹر کے نام پر ہلاک کردئے گئے پانچ زیر دریافت قیدیوں کے منجملہ ایک نوجوان کے ارکان خاندان نے آج پولیس کے کلاف شکایت درج کراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انکاؤنٹر فرضی تھا۔ وقار الدین احمد کے والد محمد احمد نے ضلع نلگنڈہ کے آلیر پولیس اسٹیشن میں یہ شکایت درج کرائی ۔ انہوں نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا کہ پولیس نے ورنگل سنٹرل جیل سے حیدرآباد لانے کے دوران ان کے بیٹے وقار احمد اور دیگر چار نوجوانوں کا قتل کردیا ۔ شکایت درج کرانے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد احمد نے کہا کہ زیر دریافت قیدیوں کا سرد خوں قتل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے پانچ نوجوانوں کو اپنی حفاظت میں حیدرآباد لانے والے17پولیس جوانوں کے خلاف فرد جرم میں قتل کے الزامات عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح ہو کہ پولیس نے7اپریل کو ان نوجوانوں کا انکاؤنٹر کردیا تھا ۔ اور دعویٰ کیا تھاکہ انہوں نے رفع حاجت کے بہانے گاڑی رکوائی اور پھر پولیس سے ہتھیار چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی ۔ اسی دوران انسانی حقوق گروپس نے بھی انکاؤنٹر کو جعلی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ضلع نلگنڈہ میں گزشتہ ہفتہ سیمی دہشت پسندوں کے ہاتھوں چار پولیس ملازمین کی ہلاکت کا انتقام لینے کے لئے وقار الدین اور اس کے ساتھیوں کا قتل کردیا گیا ۔ انسانی حقوق تنظیمیوں کا کہنا ہے کہ پانچوں نوجوان پولیس گاڑی میں اپنی نشستوں پر ہتھکڑیوں اور بیڑیوں میں جکڑے ہوئے تھے تو کس طرح وہ پولیس پر حملہ کرسکتے ہیں ۔ وہ اس موقف میں ہی نہیں تھے کہ پولیس کے ہتھیار چھین سکیں ۔ وقار احمد کے والد کی آلیر پولیس اسٹیشن میں شکایت پر شکایت تو درج کرلی گئی تاہم اس سلسلہ میں کسی مقدمہ کا اندراج عمل میں نہیں لایا گیا کیونکہ پولیس اس مسئلہ پر قانونی رائے حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ آلیر پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پی راگھویندر نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ وقار احمد کے والد محمد احمد نے قبل ازیں بھی وقار کے انکاؤنٹر کو پولیس مرڈر قرار دیا تھا ۔ پولیس نے8اپ ریل کو وقار احمد اور اس کے ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل کے علاوہ آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا ۔ بتایاجاتا ہے کہ وقار نے درسگاہ جہاد و شہادت سے تربیت لی تھی ۔

murder of Waqar Ahmed and colleagues Aler police complaint

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں