بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ - بات چیت کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-12

بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ - بات چیت کا آغاز

ایودھیا
پی ٹی آئی
بابری مسجد، رام جنم بھومی کیس کے بیرون عدالت تصفیہ کے لئے کل یہاںسپریم کورٹ میں اس کیس کے فریق دونوں فرقوں کے ارکان نے یہاں ملاقات کی اور اس امید کااظہار کیا کہ بات چیت کے مسودہ کو جلد قطعیت دے دی جائے گی ۔ آل انڈیا ہندو مہا سبھا کے صدر سوامی چکراپانی نے جو ہندوؤں کی جانب سے مقدمہ کے اصل فریق ہیں کل کے دن کو ایک تاریخی دن قرار دیا ۔ سوامی چکرا پانی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے ، کیوں کہ ہم سب نے اس تنازعہ کے پر امن حل سے اتفاق کیا ہے ۔ہم نے مندر۔ مسجد کے جھگڑے کو ختم کرنے تجاویز تیار کرنا شروع کردی ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں بابری مسجد کا کیس لڑنے والے مسلم فریقین سے بھی یہاں مشہور ہنومان گڑھی مندر کے احاطہ میں ملاقات کی ۔ چکرا پانی ہندو فریقین مقدمہ کے وفد بشمول مہنت دھرم داس ، رمیش چندر ترپاٹھی اور نرموہی اکھاڑے کے وکیل رنجیت لال ورما کے ہمراہ تھے ۔ مسلمانوں کی جانب سے بابری مسجد کیس کے قدیم ترین فریق محمد ہاشم انصاری، ان کے فرزند اور اس کیس میں قانونی نمائندہ اقبال انصاری، ایک اور فریق مقدمہ خالق احمد خان نے بات چیت میں حصہ لیا۔ خالق نے کہا کہ ہم سوامی چکرا پانی کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ بات چیت کے مسودہ کو عنقریب قطعیت دے دی جائے گی اور متنازعہ مقام پر مندر اور مسجد دونوں تعمیر کی جائیں گی ۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے پانچ ججوں پر مشتمل بنچ کے24اکتوبر1994کے فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں پہلے ہی محصولہ اراضی پر مندر اور مسجد کی گنجائش فراہم کردی ہے ۔ اقبال انصاری نے جو اصل فریق مقدمہ محمد ہاشم انصاری کے نمائندہ ہیں کہا کہ یہ بات چیت کے ذریعہ طے پانے والا بہترین منصوبہ ہوگا اور کیوں کہ اس میں مندر اور مسجد دونوں شامل رہیں گے ۔

Babri Masjid case: Negotiations begin for settlement of Ayodhya dispute

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں