گیلانی اور دیگر قائدین رہا - وادی میں عام زندگی بحال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-21

گیلانی اور دیگر قائدین رہا - وادی میں عام زندگی بحال

سری نگر
یو این آئی
حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں کے صدور نشین کے بشمول تمام علیحدگی پسند قائدین کو رہا کردیا گیا ۔ تاہم مسرت عالم17اپریل تک تحویل میں رہیں گے ۔ کشمیر میں سیکوریٹی فورسس کے ہاتھوں ہلاکتوں کے خلاف زبردست احتجاج کے بعد آج عام زندگی معمول پر لوٹی۔ بازار کھلے رہے اوراسکول بھی کھول دئے گئے ۔ اسی دوران سینئر علیحدگی پسند رہنما مسرت عالم نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں ضمانت کی درخواست داخل کی ہے۔ بڈگام کی عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ کل اپنے اعتراضات اور دیگر تفصیلات پیش کرے ۔ مسرت عالم کو حال ہی میں قانون انسداد غیر قانونی سر گرمیوں کے تحت گرفتار کیا گیا ۔ ان پر2010ء میں وادی کشمیر میں بڑے پیمانہ پر احتجاج کی قیادت کرنے کا الزام ہے جس میں120سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ مسرت عالم کو پولیس نے پرانا شہر مٰں ان کے مکان سے17اپریل کی صبح گرفتار کیا جب کہ16اپریل کی شام انہیں نظر بند کردیا گیا تھا ۔ مجسٹریٹ نے پولیس کو ہدایت دی کہ مزید سماعت کے لئے وہ اپنے اعتراضات اور کیس ڈائری کل پیش کرے ۔ پولیس آج اپنے وکیل شبیر احمد بٹ کے توسط سے مسرت کی درخواست ضمانت کے خلاف اعتراضات پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ، تاہم پولیس نے عدالت کو بتایا کہ نربل میں نظم و ضبط کے مسئلہ کی وجہ سے وہ بے حد مصروف ہے۔ مسرت عالم اور حریت کانفرنس کے صدر نشین سید علی شاہ گیلانی کے خلاف15اپریل کو حیدر پور میں ایک ریالی کے دوران مظاہرین کی جانب سے موافق پاکستان نعرے لگانے اور پاکستانی پرچم لہرانے پر قانون انسداد غیر قانونی سرگرمیاں کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ مسرت اور چند دیگر رہنمائوں کی گرفتاری اور گیلانی کو نظر بند کرنے کا معاملہ مرکز اور بی جے پی کی جانب سے شدید تنقیدوں کے بعد پیش آیا ۔ پولیس کا کہناہے کہ ریالی میں مخالف سر گرمیوں میں مسرت کے ملوث ہونے کا ویڈیو فوٹیج موجود ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں