نائیڈو سالگرہ - زندگی تلگو قوم کی ترقی کے لئے وقف - چیف منسٹر آندھرا کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-21

نائیڈو سالگرہ - زندگی تلگو قوم کی ترقی کے لئے وقف - چیف منسٹر آندھرا کا بیان

حیدرآباد
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابونائیڈو کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی جو آج65برس کے ہوگئے ۔ نریندر مودی نے چندرا بابو نائیڈو کو آج صبح ٹیلی فون کیا اور سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اپنے ٹوئیٹر صفحہ پر بھی نریندر مودی نے چندرا بابو نائیڈو کے لئے’’سالگرہ مبارک ہو‘‘ کا پیام تحریر کیا ۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی طویل زندگی اور اچھی صحت کے لئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ اسی دوران صدر تلگو دیشم این چندرا بابونائیڈو نے آج این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اپنی سالگرہ منائی۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون پارٹی کا ہیڈ کوارٹرس ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی کے بانی ٹی راما رائو کے مجسمہ کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں خراج پیش کیا ۔ نمائندہ منصف کے بموجب چیف منسٹر آندھرا پردیش و صدر تلگو دیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو کی65ویں سالگرہ تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعقا د عمل میں لایا گیا۔آج صبح چندرا بابو نائیڈو نے اپنے برادر نسبتی و سمدھی این بالا کرشنا کے مکان پر اپنے افراد خاندان کے ہمراہ سالگرہ منائی اور خصوصی طور پر تیار کئے گئے کیک کو کاٹا ۔ بعد ازاں وہ این ٹی آر ٹرسٹ بھون پہنچے جہاں پارٹی قائدین کی جانب سے پارٹی قائد کی سالگرہ کی خوشی میں مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے تھے ۔ چندرا بابونائیڈو نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا جہاں سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے خون کا عطیہ دیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے یہاں بھی اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔چندرا بابو نائیڈو نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کا مقصد تلگو قوم کی ترقی اور سر بلندی ہے اور اس مقصد کے لئے ان کی زندگی وقف ہے ۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ وہ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو ترقی یافتہ ریاستوں میں تبدیل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو کو ان کی65ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو نے فون کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی جب کہ تلگو دیشم قائدین وی وی چودھری۔ ایم گوپی ناتھ ، ٹی ڈی جناردھن، مظفر علی خان، ساجد خان ، پرکاش ریڈی، جی سائنا و دیگر نے شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ بعد ازاں چندرا بابو نائیڈو ایک روزہ دورہ پر اننت پور روانہ ہوگئے ۔

حیدرآباد سے منصف نیوز بیورو کی علیحدہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے آندھرا پردیش کے اپنے ہم منصب این چندرا بابونائیدو کو ان کی65ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ کے سی آر نے چندرا بابو نائیڈو کی طویل عمر اور صحت کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی قیادت میں آندھرا پردیش ترقی کی نئی بلندیوں کو چھولے گا ۔ کے چندر شیکھر رائو نے ٹیلی فون پر چندرا بابو نائیڈو سے بات چیت کر کے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں