پی ٹی آئی
دہشت گردی سے نیو کلیر پھیلائو کی حساسیت کی طرح نمٹنے کی بین الااقوامی برادری سے خواہش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندرمودی نے آج کہا کہ دنیا کو چاہئے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والے ممالک پر اجتماعی طور پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے بظاہر پاکستان کے تناظر میں یہ بات کہی ۔ وزیر اعظم نے دیرینہ جامع کنونشن برائے بین الاقوامی دہشت گردی کو اس سال اقوام متحدہ میں نتیجہ کو پہنچانے کی بھی بھرپور وکالت کی ۔ اس کنونشن کا مقصد بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے میں باہمی تعاون کو مستحکم کرنا ہے ۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے دہشت گردی کو انسانیت کے لئے لاحق سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا کہا نسانیت پر یقین رکھنے والے تمام لوگوں کو چاہئے کہ دہشت گردی کے خلاف بیک آواز اظہار خیال کریں اور اس سے نمٹنے کے لئے سخت اجتماعی کوششیں کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی تمام عالم کے لئے ایک چیلنج ہے ۔ اس مسئلہ سے اسی حساسیت کے ساتھ نمٹنا چاہئے جیسے نیو کلیر پھیلائو کے مسئلہ سے نمٹا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو اسلحہ کی سپلائی کے ذرائع کو روکنے کے طریقہ کار پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ دیکھنا چاہئے کہ ہم ان ممالک پر کیسے دبائو ڈال سکتے ہیں جہاں کی حکومتیں دہشت گردوں کو پناہ فراہم کرتی ہیں۔ ایسے ممالک اور حکومتوں کو یکا و تنہا کردینے کی ضرورت ہے ۔ مودی کے ریمارکس ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب کہ4دن قبل ہی پاکستان کی ایک عدالت کی جانب سے ممبئی دہشت گردحملوں میں سرغنہ ہونے کے الزام کا سامنا کرنے والے ذکی الرحمن لکھوی کو رہا کردیا گیا ، جس پر امریکہ، فرانس اور اسرائیل کے بشمول کئی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کی گئی اور تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ ہندوستان نے کہا کہ اس رہائی نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پاکستان کے عہد کو دھکا پہنچایا ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں