آئی اے این ایس
تلنگانہ میں برڈ فلو کے خطرہ کے پیش نظر محکمہ صحت اور محکمہ افزائش مویشیاں کے حکام حیدرآباد کے قریب پولٹری فارمس میں بڑے پیمانہ پر مرغیوں کے اتلاف میں مصروف ہیں ، جبکہ برڈ فلو کا ایک کیس بھی منظر عام پر آچکا ہے ۔ ریاستی حکومت نے کل رات فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا جس پر محکمہ افزائش مویشیاں کے ورکرس نے ضلع رنگا رنڈی کے حیات نگر منڈل میں تھرور موضع کے پولٹری فارمس میں ہزاروں مرغیوں کا خاتمہ کردیا۔ محکمہ نے اعلان کیاکہ آئندہ دو تا تین دن کے دوران پولٹری فارم کے اطراف و اکناف ایک کلو میٹر کے قطر میں1.45لاکھ مرغیوں کا اتلاف عمل میں لایاجائے گا۔اس علاقہ کو انفیکشن زون قرار دیاگیا ہے ۔ ایک کلو میٹر قطر میں پانچ پولٹری فارمس واقع ہیں جہاں مرغیوں کے خاتمہ کی کارروائی کی جارہی ہے ۔ عہدیدارا نفیکشن زون کے اطراف و اکناف 10کلو میٹر کے طر میں قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ڈائرکٹر محکمہ افزائش مویشیاں ڈی وینکٹیشور لوکے بموجب مرغیوں کو ختم کرنے کے لئے 65ٹیمیں تشکیل دی گئی ہں ۔ ہر ایک ٹیم چار تا پانچ ورکرس پر مشتمل ہے اور ہر ٹیم ایک ماہر حیوانات کی نگرانی میں کام کررہی ہے ۔ حکام نے سرینواس ریڈی پولٹری فارم کے تیسرے یونٹ میں منگل کے دن35ہزار مرغیوں کو تلف کردیااور ارکان عملہ کو ٹامی فلو کی خوراکیں دیں ۔ اس فارم سے11نمونےH5N1ایوین انفلوائنزا کی جانچ کے لئے لیباریٹری بھیجے گئے تھے جن کانتیجہ مثبت آیاہے ۔ اس بیماری کوعرف عام میں برڈ فلو کہاجاتا ہے ۔ بعد ازاں تمام نمونے بھوپال کی ایک عصری لیباریٹری کو بھی بھیجے گئے جہاں پھر ایک مرتبہ اس کا نتیجہ مثبت آیا جس کے بعد حکام نے سخت چوکسی اختیار کرلی ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر محکمہ افزائش مویشیاں وائی تروپتیا نے بتایا کہ اطراف و اکناف کے اضلاع و ریاستوں کو بھی چوکس کردیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ورکرس کی حفاظت کے لئے تمام تر احتیاطی اقدامات روبہ عمل لائے گئے ہیں جو مرغیوں کو تلف کرنے میں مصروف ہیں ۔ ماضی میں ہم نے کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر یہ کام نہیں کیا ۔ اس لئے حد درجہ احتیاط برتی جارہی ہے ۔ حکام نے تاہم یہ بھی بتایا کہ عوام کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ صرف ایک پولٹری فارم میں برڈ فلو کی بیماری کا پتہ چلا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ پولٹری فارمس میں کام کرنے والے ورکرس ہی برڈ فلو سے متاثر ہونے کے خطرہ سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اچھی طرح سے پکایاجائے تو چکن کے ذریعہ برڈ فلو وائرس نہیں پھیلتا ۔ محکمہ صحت کے حکام کے بموجب برڈ فلو کی علامات وہی ہیں جو سوائن فلو کی ہیں۔ واضح ہو کہ برڈ فلو کی بیماری ایک ایسے وقت منظر عام پر آئی جب کہ تلنگانہ میں سوائن فلو کی وبا ابھی ابھی کم ہوئی ۔ یکم جنوری سے اب تک سوائن فلو سے تلنگانہ میں80افراد فوت ہوگئے جب کہ اس وائرس سے زائد از2000افراد متاثر ہوئے تھے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں