سابق جنتا پریوار کی 6 پارٹیوں کا آج انضمام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-15

سابق جنتا پریوار کی 6 پارٹیوں کا آج انضمام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
جاریہ سال کے اواخر میں بہار میں اور2017میں یوپی اسمبلی انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے سابق جنتا پریوار کی چھ پارٹیوں کے انضمام کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ ان پارٹیوں کا انضمام کل ، سماج وادی پارٹی کے سربراہ و سینئر قائد ملائم سنگھ یادو کی زیر نگرانی عمل میں آئے گا۔ اس نئے اتحاد کے نام کا اعلان باقی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس اتحاد کو سماج وادی جنتا پارٹی یا پھر سماج وادی جنتادل سے موسوم کیاجائے گا جس کا رسمی اعلان کیاجانا باقی ہے ۔ اس اتحاد کے انتخابی نشان سیکل رکھے جانے سے متعلق یادو کی رہائش گاہ پر کل منعقد شدنی اجلاس کے بعد طے کیاجائے گا ۔ اس اجلاس میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار ، جنتادل یو کے صدر شرد یادو ، جنرل سکریٹری کے سی تیاگی، جنتادل سیکولر کے سربراہ و سابق وزیرا عظم دیوے گوڑا ، آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو ، سماج وادی جنتا پارٹی کے سربراہ کمل مرار کہ، انڈین لوک دل آئی این ایل ڈی وڈی چوٹالہ کے علاوہ ملائم سنگھ یادو کے بھائی رام گوپال یادو کی شرکت متوقع ہے ۔ جنتاپریوار کومتحد کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے چیف منسٹر بہار نتیش کمار غالباً دہلی پہنچ چکے ہیں ۔ تیاگی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ انضمام کے قطعی اعلان کے لئے کل ہم ایک جگہ جمع ہورہے ہیں ۔ ان پارٹیوں کے قائدین پہلے ہی گفت و شنید کے ذریعہ تمام مسائل کی یکسوئی کرچکے ہیں ۔ ہمیں قوی توقع ہے کہ کل6 پارٹیوں کے انضمام کا باقاعدہ اعلان ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ تبادلہ خیال کے بعد طے پایا کہ کہ اس نئے اتحاد کا انتخابی نشان’’سیکل‘‘ حاصل کیاجائے جو سردست ایس پی کا انتخابی نشان بھی ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے 5اپریل کو ایک جھنڈا ایک نشان کا نعرہ دیا تھا ۔ اس کے بعد بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے سابق جنتا پریوار کی پارٹیوں میں انضمام کی راہ ہموار ہوئی تھی ۔ ملائم سنگھ یادو کل سابق جنتا پریوار کے احیاء کا رسمی اعلان کریں گے ۔ اس رسمی اعلان کرنے کا ملائم سنگھ یادو کو مجاز گردانا گیا ہے ۔ لالو پرساد نے کہا کہ انضمام صرف انضمام ہے ۔ اس سلسلہ میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے ۔ ہمارا ایک ہی انتخابی نشان ہوگا ، دوسرا نہیں رہے گا۔ مختلف نشانات سے عوام تذبذب میں مبتلا ہورہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیکولر جماعتوں کے لئے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں تاکہ فرقہ واریت کو ختم کیاجاسکے ۔ اجلاس کے دوسرے دن یہ قائدین ، نئی دہلی میں سابق نائب وزیر اعظم دیوی لال کر خراج پیش کریں گے جو انڈین لوک دل کے بانی تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں