یمنی وزیر خارجہ نے علی صالح کی مذاکرات کی پیشکش ٹھکرا دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-28

یمنی وزیر خارجہ نے علی صالح کی مذاکرات کی پیشکش ٹھکرا دی

دبئی
رائٹر
یمن کے وزیر خارجہ ریاض یاسین نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں جاری فیصلہ کن طوفان آپریشن اب بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر عبد ربہ منصور ہادی نے حوثیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ جب تک یمن کے تمام شہروں سے حوثیوں کا قبضہ ختم نہیں ہوجاتا وہ ان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کریں گے۔ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ یمن کا70فیصد علاقہ حوثیوں کے کنٹرول سے باہر آچکا ہے عوامی مزاحمت کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ کم وسائل کے باجود مزاحمتی قوتیں مسلسل پیش قدمی کررہی ہیں ۔ وزیر خارجہ ریاض یاسین نے مزید کہا کہ صدر عبد ربہ منصور ہادی نے کہا ہے کہ وہ حوثیوں کے ساتھ اس وقت تک کوئی مفاہمت نہیں کریں گے جب تک وہ ملک پر غیر آئینی قبضہ ختم نہیں کردیتے ہیں ۔ صدر ہادی نے سابق صدر علی عبداللہ صالح کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش بھی ٹھکرادی ہے ۔ خیال رہے کہ یمنی وزیر خارجہ ریاض یاسین نے گزشتہ روز اپنے دورہ برطانیہ کے دوران لندن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں ملک کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ العربیہ ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹر ویو میں وزیرخارجہ ریاض یاسین نے کہا کہ حوثیوں نے گنجان آباد شہروں تعز اور عدن پر حملے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنادیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حوثی شدت پسند مآرب، البیضاء اور شبو شہرمیں داخل ہونے اور لوٹ مار کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں یمنی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ حضرت موت میں حوثیوں کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ حوثی صرف عدن اور صنعاء کے ہوائی اڈے سمیت بعض حساس مقامات پر قابض ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں سیاسی حل کے لئے مشروط طور پر کوششیں جلد شروع ہوں گی تاہم حوثی ملیشیا اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کو تشدد کا راستہ ترک کرنا ہوگا۔

Yemen minister rejects Saleh's call for peace talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں