حوثی یمن کے شہروں میں اپنی پیش قدمی کو روک دیں - نائب صدر خالد بحاح کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-29

حوثی یمن کے شہروں میں اپنی پیش قدمی کو روک دیں - نائب صدر خالد بحاح کی اپیل

ریاض
رائٹر
یمن کے نائب صدر خالد بحاح نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ شہروں میں اپنی پیش قدمی روک دیں اور لڑائی ختم کرنے کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے مطالبہ پر عمل کریں ۔ خالد بحاح ملک کی مختلف پارٹیوں کے لئے ایک قابل احترام سیاستداں ہیں۔ انہوں نے کل سعودی عرب میںیمنی سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر یہ بیان ایک ایسے وقت دیا جب سعودی زیر قیادت اتحاد نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں پر فضائی حملے کئے ہیں۔ زور پکڑتی ہوئی لڑائی سے انسانی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے ۔ خالد بحاح نے کہا کہ ہر ایک کو یہ بات سمجھنا ہوگا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد2216کے ذریعہ تصادم کو ختم کرنے کا ایک فریم ورک بنایا گیا ہے اور کوئی بھی اقدام یا مذاکرات اس میکانزم کے تحت ہوں گے تاکہ اس قرار داد کو روبہ عمل لایاجاسکے ۔ خیال رہے کہ حوثیوں نے اس قرار داد کو مسترد کردیا ہے ۔ اس دوران یمن کے لئے اقوام متحدہ کے سابق خصوصی قاصد جمال بن عمر نے کہا ہے کہ حوثیوں نے یمن میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے سلامتی کونسل میں منظور کردہ قرار داد2216پر کوئی مثبت جواب نہیں دیاجس کے نتیجے میں ملک میں جاری بحران میں مزید اضافہ ہوا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یمن میں اب بھی حالات ٹھیک نہ ہوئے تو ملک بد ترین تباہی سے دوچار ہوگا ۔ جمال بن عمر نے یمن میں امن و امان اور سیاسی استحکام کے لئے سلامتی کونسل میں مزید اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ۔ اقوام متحدہ کے سبکدوش مندوب کا کہنا تھا کہ یمن کی تباہی میں کوئی ایک گروپ، جماعت یا شخص نہیں بلکہ سب یکساں قصوروار ہیں ۔ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمال بن عمر نے دعویٰ کیا کہ ان کی کوششوں سے یمن کے تمام حریف فریق امن فارمولے کے اہم نکات پر متفق ہوگئے تھے۔ جمال بن عمر نے کہا کہ یمن کی موجودہ دگر گوں صورت حال سے القاعدہ کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ یمن میں جنگ کے باعث ہونے والی تباہی اور شہریوں کو در پیش مشکلات کے حل کے لئے فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں کسی ایک فریق کو بھی سیاسی عمل سے علیحدہ کرنا سنگین نتائج پر منتج ہوگا ۔ بہتر یہی ہے کہ کسی بیرونی دباؤ کے بجائے یمنی گروپوں میں آپس میں مذاکرات کرائے جائیں ۔حوثی بھی یمن کے شہری ہیں انہیں مذاکرات اورسیاسی عمل میں شامل کیاجائے ۔

Yemen's VP Bahah urges Houthis to stop targeting cities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں