کولکاتا بلدی انتخابات - ترنمول کانگریس بھاری اکثریت سے کامیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-29

کولکاتا بلدی انتخابات - ترنمول کانگریس بھاری اکثریت سے کامیاب

کولکتہ
آئی این ایس
آل انڈیا ترنمول کانگریس نے آج کولکتہ میونسپل کارپوریشن اور دیگر91بلدی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ ووٹوں کی گنتی جیسے ہی دوسرے مرحلہ میں داخل ہوئی یہ واضح ہوگیا کہ ترنمول کانگریس بلدی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کررہی ہے ۔2016ء کے اسمبلی انتخابات کے لئے جاری قطعی جنگ میں بلدی انتخابات کو سیمی فائنل تصور کیاجارہا تھا ۔144وارڈس پر مبنی کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پارٹی نے144وارڈس میں کامیابی حاصل کی ۔2010میں منعقدہ سابق انتخابات میں پارٹی نے95وارڈس میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس وقت حلقوں کی از سر نو حد بندی نہیں ہوئی تھی اور ان کی تعداد141تھی ۔ ممتا بنرجی کی پارٹی نے ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بائیں محاذ کو کولکتہ میونسپل کارپوریشن سے بے دخل کردیا تھا ۔ علاوہ ازیں پارٹی نے91بلدی بورڈس کے منجملہ69بلدیات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے خود کو مزید مستحکم بنایا ہے۔ ان کے منجملہ ہرین گھاٹا ، بڑانگر، گئیش پور، کلیانی، بارک پور، گھاٹل، تملک اور دیگر کئی بلدیات میں بھی پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ان کی پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر عوام سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ جیسی آفت سماوی سے متاثر ہونے کے باوجود عوام نے ہمیں بھاری اکثریت سے کامیا ب بنایا جس کے لئے میں ان سے اظہار تشکر کرنا چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہم پر دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ہمیں تنقیدوں کا نشانہ بنارہی تھیں ،لیکن میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ انتخابات آزادانہ و منصفانہ تھے۔ ووٹوں کی گنتی کے پہلے گھنٹہ کے دوران سبکدوش ہونے والے میئر سوون چٹر جی کو کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر131سے کامیاب قرار دیا گیا جب کہ کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر63سے ڈپٹی میئر فرزانہ عالم کو آر ایس پی امیدوار کے مقابل شکست ہوئی ۔ کچرا پاڑہ بلدیہ کے وارڈ نمبر6میں ترنمول کانگریس کے سابق جنرل سکریٹری مکل رائے کے لڑکے شبھ رنگشورائے کو فاتح قرار دیا گیا ۔ پارٹی کو صرف ایک دھکہ لگا جب بی جے پی امید وار شیم بوس نے پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کے اپنے حلقہ میں کولکتہ میونسپل کارپوریشن بورڈ کی صدر نشین سچیدا نندا بنرجی کو شکست دی۔

Mamata Banerjee's Trinamool Congress Scores Landslide Victory in West Bengal's Civic Polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں