فورڈ فاؤنڈیشن مسئلہ - امریکہ کی ہندوستان سے وضاحت طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

فورڈ فاؤنڈیشن مسئلہ - امریکہ کی ہندوستان سے وضاحت طلبی

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ نے فورڈ فاؤنڈیشن اور گرین پیس کے خلاف ہندوستان کی کارروائی کے تئیں فکر مندی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ اس کارروائی کے سلسلہ میں وضاحت مانگی ہے ۔ محکمہ خارجہ کی نائب قائم مقام ترجمان میری ہارف نے جمعہ کو اپنی روزانہ کی پریس کانفرنس میں کہا:"ہمیںپتہ ہے کہ ہندوستان کی وزارت داخلہ نے گرین پیس انڈیا کا رجسٹریشن معطل کردیا ہے اور فورڈ فاؤنڈیشن کو نگرانی کی فہرست میں رکھا ہے ۔" ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا : جس طرح سے غیر ملکی شراکت ریگولیٹری قانون لگایا گیا ہے اس کی وجہ سے شہری معاشرے کی تنظیموں کو ہونے والی مشکلات کولے کر ہم فکر مند ہیں۔ میری ہارف نے کہا ہمیں تشویش ہے کہ یہ حالیہ حکم ہندوستانی سماج کے اندر اندر ضروری اور اہم بحث کو محدود کرتا ہے اور ہم متعلقہ ہندوستانی عہدیداروں سے اس معاملے پر وضاحت مانگ رہے ہیں ۔ غور طلب ہے کہ غیر سرکاری تنظیموں کو غیر ملکی چندہ ملنے پرنئے سرے سے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے امریکہ کے فورڈ فاؤنڈیشن کو اپنی نگرانی فہرست میں رکھا ہے اور حکم دیاکہ قومی سلامتی کے پیش نظر اس بین الاقوامی ادارے سے آنے والے تمام دولت وزارت کی منظوری سے ہی آئے گی ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ اس نے فورڈ فاؤنڈیشن کی طرف سے تمام مالی سر گرمیوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور غیر ملکی چندہ ریگولیٹری قانون،2010کی دفعہ46کے تحت محصلہ حقوق کا استعمال کرتے ہوئے ریزروبینک آف انڈیا کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ اس تنظیم سے آنے والے فنڈز کے بارے میں وزارت داخلہ کو واقف رکھاجائے ۔ حکم کے مطابق آر بی آئی سے درخواست ہے کہ تمام بینکوں اور ان کی شاخوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جائے کہ مذکورہ ایجنسی سے ہندوستان میں کسی شخص ، این جی او ، تنظیم کو آنے والے کسی بھی رقم کو وزارت داخلہ کے علم میں لایاجائے ، تاکہ وزارت کی منظوری کے بعد ہی وصول کنندہ کے کھاتوں میں رقم جمع کی جاسکے۔ وزارت نے کہا کہ وہ اس بات کا تیقن کرنا چاہتا ہے کہ فورڈ فاؤنڈیشن سے آنے والے فنڈز کا استعمال قومی مفادات ، اور سلامتی کے خدشات سے سمجھوتہ کئے بغیر مناسب فلاحی سر گرمیوں میں کیاجاسکے ۔ گجرات حکومت نے وزارت داخلہ سے فورڈ فاؤنڈیشن کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ امریکہ کا یہ ادارہ ملک کے اندورنی معاملات میں مداخلت کررہا ہے اور سماجی کارکن تیستا سیٹلواد کے این جی او کے ذریعے فرقہ وارانہ مخاصمت پربھی اکسا رہی ہے ۔ اس کے بعد وزارت داخلہ نے یہ قدم اٹھایا۔ الزام ہے کہ وصول کنندہ غیر سکاری تنظیموں نے حکومت کو لازمی سالانہ رپورٹ اور بیلنس شیٹ جمع نہیں کی ہیں۔وزارت داخلہ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ سرکاری تنظیم ، اقتصادی معاملات کے محکمہ، کی منظوری کے ساتھ ہی فورڈ فاؤنڈیشن سے غیر ملکی چندہ حاصل کرسکتے ہیں ۔

US Seeks 'Clarification' on India's Crackdown on Ford Foundation, Greenpeace

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں