نیپال زلزلہ - وزیر اعظم نے اعلی سطحی اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

نیپال زلزلہ - وزیر اعظم نے اعلی سطحی اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج زلزلہ سے متاثرہ نیپال کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں کے لئے فوری بچائو اور راحت ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے نیپال میں پھنسے ہوئے سیاحوں کے جلد از جلد تخلیہ کے لئے مناسب انتظامات کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ نیپال میں بھیانک زلزلہ کی اطلاع کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، قومی سلامتی مشیر اجیت دوول ، پرنسپال سکریٹری نیری پیندرامشرا اور قومی آفات سماوی کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم کو زلزلہ کی وجہ سے نیپال اور ہندوستان میں ہوئے جانی اور مالی نقصانات سے واقف کرایا گیا ۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں راحت ٹیمیں بھیجنے کے علاوہ نیپال کے لئے میڈیکل ٹیمیں بھی روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر اعظم نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ سیاحوں کے محفوظ مقامات کو منتقلی کے بھی انتظامات کریں ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ قومی آفات سماوی کی ٹیموں کا پہلا بیاچ آج کھٹمنڈو پہونچ جائے گا۔ قبل ازیں مودی نے نیپال کے صدر رام برن یادو ، وزیر اعظم سشیل کوئرالا سے بات کی اور ہندوستان کی طرف سے اس مشکل گھڑی میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو ، منسٹر بہار نتیش کمار، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، چیف منسٹر سکم پون کمار چملنگ اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوان سے بات کی اور زلزلہ کی وجہ سے ہوئے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ مرکزی حکومت کی بحران سے نمٹنے والی کمیٹی جس کی قیادت کابینی سکریٹری اجیت سنگھ کرتے ہیں ، مسلسل اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

Nepal Earthquake: PM Modi chairs high-level meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں