کشمیر - مسرت عالم بھٹ کی درخواست ضمانت مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

کشمیر - مسرت عالم بھٹ کی درخواست ضمانت مسترد

سری نگر
پی ٹی آئی
بڈگام کی ایک مقامی عدالت نے آج سخت گیر حریت کانفرنس کے لیڈر مسرت عالم بھٹ کی درخواست، ضمانت مسترد کردی۔ حریت قائد کے وکیل شبیر احمد بھٹ نے بتایا کہ عدالت نے بھٹ کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔ عدالت کے تفصیلی احکام کی نقل ملنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کن بنیادوں پر درخواست ضمانت مسترد کردی گئی ہے۔45سالہ علیحدگی پسند قائد کو گزشتہ ہفتہ ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے اور بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔ جمعرات کو ان کے خلاف عوامی سلامتی قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور جموں کی کوٹ بھلاول جیل منتقل کردیا گیا ۔ حیدر پور میں علاقہ میں15اپریل کو ایک ریالی کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے اور مخالف ہند نعرے لگانے پر انہیں16اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ ریالی حریت کانفرنس کے صدر نشین سید علی شاہ گیلانی کے خیر مقدم کے لئے منعقد کی گئی تھی ۔ پولیس نے اشتعال انگیز سر گرمیوں اور پاکستانی پرچم لہرانے کے الزام میں بھٹ ، گیلانی اور دیگر کئی علیحدگی پسند قائدین کے خلاف کیس درج کرلیا ۔

سری نگر سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب سینئر علیحدگی پسند لیڈر مسرت عالم بٹ پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرنے اور انہیں جموں کی کوٹ بھلوال سنٹرل جیل منتقل کئے جانے کے خلاف وادی کشمیر میں ہفتہ کے روز مکمل ہڑتال کی گئی ۔ہڑتال کی اپیل سخٹ گیر حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کی تھی جب کہ کچھ دیگر علیحدگی پسند جماعتوں نے اس کی حمایت کی تھی ۔ ممکنہ احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لئے قبل از وقت تیاریوں کے تحت وادی کشمیرکے تمام حساس علاقوں میں سیکوریٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے سری نگر میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معطل رہی ۔ تاہم شہر کے مضافاتی علاقوں میں سڑکوں پر نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں ۔ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں بھی سڑکوں سے غائب رہیں۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جب کہ ہڑتال کے پیش نظر تعلیمی ادارے اور کوچنگ سنٹربند رہے ۔ شہر کے کسی بھی علاقے میں لوگوں کی نقل و حرکت پر کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد نہیں رہیں ۔ تاہم شہر کے حساس علاقوں جن میں پتھراؤ کے واقعات عام ہیں، میں سیکوریٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ وسطی کشمیر کے نارہ بل میں سیکوریٹی فورسز بدستور تعینات رہی جہاں رپورٹوں کے مطابق کل پتھراؤ کے واقعات پیش آئے۔ سیکوریتی فورسز نے18اپریل کو نارہ بل میں مسرت عالم بٹ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں نوجوانوں جنہوں نے مصروف سری نگر گلمرگ سڑک بلاک کردی تھی ، پر فائرنگ کی تھی جس سے تین نوجوان زخمی ہوگئے تھے جن میں سے سہیل احمد صوفی نامی ایک16سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ بارہمولہ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق بارہمولہ اور شمالی کشمیر کے دیگر قصبوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹروں میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی جہاں ٹریفک سڑکوں سے غائب رہا، سرکاری دفاتر اوربینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جب کہ تعلیمی ادارے بند رہے۔ بارہمولہ میں پرانے قصبے کو سیول لائنز سے جوڑنے والے پلوں پر سیکوریٹی فورسز کی غیر معمولی تعداد تعینات کی گئی ہے ۔ تاہم رپورٹ کے مطابق سری نگر مظفر آباد روڈ پر اکا دکا مسافر اور نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں ۔ حریت چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کے آبائی قصبے جسے ایپل ٹاؤن آف ایشیا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، میں بھی مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ۔ اس قصبہ میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکوریٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ بارہمولہ کے دیگر علاقوں بشمول پٹن سے بھی ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اننت ناگ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے بیشتر قصبوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹروں میں ہڑتال کی وجہ سے عام اور کاروباری زندگی مفلوج رہی جہاں ٹریفک سڑکوں سے غائب رہا ، تعلیمی ادارے بند رہے جب کہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں کام کاج متاثر رہا ۔ تاہم رپورٹ کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری تھی ۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام اور گاندر بل سے بھی مکمل ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

Masarat Alam Bhat's bail plea rejected

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں