اترپردیش وزیراعلیٰ اکھلیش کی کسانوں سے خود کشی نہ کرنے کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-25

اترپردیش وزیراعلیٰ اکھلیش کی کسانوں سے خود کشی نہ کرنے کی اپیل

لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کسانوں سے خود کشی نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اکھلیش یادو نے آج یہاں ایک تقریب میں کسانوں سے خود کشی نہ کرنے کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مکمل مدد کا یقین دلایا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ بے موسم بارش اور ژالہ باری سے کسان تباہ ہوئے ہیں لیکن وہ اس سے مایوس نہ ہوں۔ حکومت ان کی مکمل مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے دو چار کسانوں کی سب سے زیادہ مدد سماج وادی سرکار کررہی ہے۔ لاکھوں کسانوں کو راحت پہنچائی گئی اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ خیال رہے کہ جنوری سے اپریل تک ہونے والی بے موسم بارش سے فصلیں برباد ہونے اور کئی کسانوں کے مرنے کی خبر ہے ۔ دوسری جانب اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی ریلی کے دوران پھانسی لگا کرخود کشی کرنے والے راجستھان کے باشندہ متوفی کسان کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے آج یہاں بتایا ، وزیر اعلیٰ اور ایس پی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو نے نئی دہلی میں آپ کی ریلی کے دوران درخت پر پھانسی لگا کر خود کشی کرنے والے راجستھان کے دوسہ کے رہنے والے کسان گجندر سنگھ کے لواحقین کو پارٹی کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے موسم بارش اور ژالہ باری سے پورے ملک میں کسانوں کی فصل کو بھاری نقصان ہوا ہے اور ایسی صورت میں ان کی ہر ممکن مدد کی جانی چاہئے ۔ چودھری کے مطابق سماج وادی پارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں کسانوں کی حمایت کی ہے ۔غور طلب ہے کہ راجستھان کے کسان گجندر سنگھ نے گزشتہ بدھ کو دہلی میں عام آدمی پارٹی کی کسان ریلی کے دوران ایک درخت پر کمچھا سے پھانسی لگا کر خود کشی کرلی تھی ۔ اتر پردیش حکومت شمسی توانائی کو فروغ دینے کے لئے اہم قدم اٹھارہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے شمسی توانائی کے آلات پر لگنے والے ٹیکس، ویٹ کو ختم کردیا ہے ۔ ان کے اس اعلان سے شمسی توانائی والے آلات سستے ہوجائیں گے ۔ ان آلات پر فی الحال4سے 12فیصد تک ویٹ ٹیکس لگتا چلا آرہا ہے ۔

UP CM Akhilesh appealed to farmers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں