اعتماد نیوز
صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھرا راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں عوامی بہبود کے جو اقدامات کئے گئے ہیں ، اس کی سارے ملک میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے حیدرآباد کو عالمی شہر بنانے اور ریاست کو حقیقی معنوں میں سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کا عہد کیا ۔ وہ پارٹی کی14ویں یوم تاسیس کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ اس جلسہ میں ریاست کے تمام اضلاع سے لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آنے والے تعلیمی سال سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کو یقینی بنائیںگے ۔ آنے والے مارچ سے کسانوں کو9گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ ہر گھر میں نل کے ذریعہ پانی کی سربراہی کی جائے گی ، ریاست کو برقی کے شعبہ میں فاضل بنادیاجائے گا۔ آنے والے مئی سے دو بیڈ روم پر مشتمل مکانات تعمیر کر کے دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول کے لئے جس طرح انہوں نے اپنے پختہ عزم کو ثابت کردکھایا ہے ایسا ہی وہ سنہرے تلنگانہ کے لئے کر رکھائیں گے ۔ انہوں نے مشن کاکتیہ کو تاریخی قرار دیا اور وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی ستائش کی ۔ کلیان لکشمی ، شادی مبارک، آسرا اسکیم، بیڑی مزدوروں کو وظائف ، آنگن واڑی ورکرس کو مشاہرے کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کنٹراکٹ ملازمین کے استقلال کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ گوداوری اور کرشنا پر تلنگانہ کا پورا حق ہے اور ان دونوں دریاؤں سے ریاست کو مستفید کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو ہائی ٹیک سٹی بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن ذرا سی بارش میں حیدرآباد کی سڑکیں جھیل بن جاتی ہیں، پینے کے پانی کے مسائل، ٹریفک سے پریشانی ہوتی ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ اس شہر کو امریکہ کے شہر ڈنلاس اور مشرقی بعید کے شہر سنگا پور سے زیادہ عالمی افق پر روشن کردکھائیں گے ۔ اپنی40منٹ کی تقریر میں چندر شیکھر راؤ نے نیپال میں رونما زلزلے کا ذکر کیا اور کہا کہ سارے تلنگانہ کے عوام اور اس بڑے جلسہ عام میں شریک سب کی ہمدردیاں نیپال کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ، نیپال کے متاثرین کی مدد کے لئے تیار ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت ہند سے رابطہ کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مدد کی جائیں گی ۔ انہوں نے2009ء دسمبر میں اپنے مرن برت کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا مسئلہ عزت نفس کا مسئلہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ان کی راہ میں مختلف رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ انہوں نے میڈیا کے رول پر بھی اپنی ناراضی ظاہر کی ۔ فلاحی اسکیمات کی مدافعت کرتے ہوئے انہوں نے چیالنج کیا کہ وہ اس پر عوامی مباحث کے لئے تیار ہیں ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں