مویشیوں کی بنگلہ دیش اسمگلنگ کو روکا جائے - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-02

مویشیوں کی بنگلہ دیش اسمگلنگ کو روکا جائے - راج ناتھ سنگھ

گاؤ کشی پر ملک گیر امتناع کی وکالت کرنے کے چند دن بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج ہند۔ بنگلہ دیش سرحد پر تعینات بی ایس ایف جوانوں سے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کو مویشیوں کی اسمگلنگ کو پوری طرح ختم کریں تاکہ لوگ بیف کھانا ترک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ عرصہ میں بیف کی قیمتوں میں تیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو مویشیوں کی اسمگلنگ کے خلاف بی ایس ایف کی چوکسی میں اضافہ کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے اس سرحدی چوکی پر بی ایس ایف جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی چوکسی میں مزید اضافہ کریں تاکہ اسمگلنگ مکمل طور پر رک جائے اور بنگلہ دیش میں بیف کی قیمتوں میں مزید70تا80 فیصد اضافہ ہوجائے اور وہاں کے عوام بیف کھانا ترک کردیں ۔ سرکاری اعادو شمار کے مطابق 2014 میں ہندوستان سے بنگلہ دیش کو تقریبا 17 لاکھ مویشیوں کی اسمگلنگ کی گئی ۔ وزیر داخلہ نے اتوار کو کہا تھا کہ این ڈی اے حکومت اتفاق رائے پید اکرتے ہوئے ملک گیر سطح پر گاؤ کشی پر امتناع کی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں گاؤ کشی کو قبول نہیں کیاجاسکتا ۔ ہم گاؤ کشی پر امتناع کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس مقصد کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات بے حد خوشگوار ہیں اور ہم پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں ۔ بنگلہ دیشی اسمگلروں کی جانب سے بی ایس ایف جونوں پر وقفہ وقفہ سے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے جنوبی بنگال کی اس سرحد پر تعینات جوانوں سے کہا کہ وہ ایسے حملوں کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ ہر حال میں ان کا ساتھ دیں گے ۔

Rajnath Singh to BSF: Halt cattle smuggling, starve Bangladesh of beef

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں