یمن جنگ میں حکومت پاکستان کو غیرجانبدار رہنے کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-11

یمن جنگ میں حکومت پاکستان کو غیرجانبدار رہنے کا مشورہ

اسلام آباد
یو این آئی
پاکستان کی پارلیمنٹ نے آج یمن جنگ میں فوجی شمولیت کے خلاف متفقہ طور پر ووٹنگ کی اور حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں سعودی زیر قیادت اتحاد کا حصہ بننے کی سعودی عرب کی اپیل کو ضمناً مسترد کردیا ۔ سعودی عرب نے یمن میں حوثیوں کے خلاف10ممالک کی جانب سے آغاز کردہ فوجی مہم میں پاکسان سے افواج ، طیارے اور جنگی جہاز فراہم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اس ضمن میں قانون ساز ارکان سے مشورہ طلب کیا تھا ، متفقہ طور پرقرار داد منظور کرنے سے چار روز قبل یعنی پیر کے روز پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں یمن کی صورت حال اور سعودی عرب کی گزارش پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان کو اس جنگ میں غیر جانبدار برقرار رہنا چاہئے تا کہ اس بحران کے خاتمہ میں وہ ایک سر گرم سفارتی کردار ادا کرسکے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یمن میں جاری جنگ میں حصہ لینے پاکستان کو اپنی فوج نہیں بھیجنی چاہئے ۔ تاہم قرار داد میں مملکت سعودی عرب کے لئے یقینی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے پاکستان کو اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہئے ۔ اس میں کہا گیا کہ حرمین شریفین کو کسی بھی خطرہ یا اس کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان ، سعودی عرب اور اس کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا ۔ ارکان پارلیمنٹ نے یمن کے متحارب فریقین سے پر امن طور پر اور مذاکرات کے ذریعہ اختلافات کو سلجھانے کی اپیل کی ۔ قرار داد میں یمن کی دگرگوں صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ پورے خطہ میں عدم استحکام پیدا کرسکتی ہے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کردہ قرار داد میں حکومت سے خواہش کی گئی کہ یمن میں فوری جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ اور تنظیم اسلامی قانون سے رجوع ہونے کے اقدامات کرے۔اس میں کہا گیا کہ پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کو اس مسئلے کی پر امن یکسوئی کے لئے متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کو فروغ دینا چاہئے ۔ قرار داد نے نشاندہی دی کہ چوں کہ یمن کی جنگ مسلکی نوعیت کی نہیں ہے تاہم اس کے مسلکی جنگ میں تبدیل ہونے کے امکان سے پاکستان کے بشمول خطہ میں سنگین صورتحال پید اہونے کا خدشہ ہے ۔ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کا اندازہ ہے کہ19مارچ سے اب تک اس جنگ میں560ہلاک ہوچکے ہیں جن میں بیشتر شہری تھے ۔

Pakistan parliament asks govt to stay neutral in Yemen war

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں