حج و عمرہ فراڈ - برطانوی فرم پر 70 ہزار پاؤنڈ جرمانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-11

حج و عمرہ فراڈ - برطانوی فرم پر 70 ہزار پاؤنڈ جرمانہ

لندن
رائٹر
حج و عمرہ سے متعلق برطانیہ میں دھوکہ دہی ایک مرتبہ پھر عروج پر ہے اور سادہ لوح مسلمانوں کو مذہب کے نام پر لوٹا جارہ اہے ۔ انہیں وہ سہولتیں نہیں دی جاتیں جن کا ان سے وعدہ کیاجاتا ہے ۔ جو عزمین اس پر احتجاج کرتے ہیں انہیں ڈرایا دھمکایاجاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اگر انہوں نے اس کی شکایت کی تو اس کے نتائج اچھے نہیںہوں گے ۔ عازمین کی شکایت پر برمنگھم کی ایک حج و عمرہ فرم پر برمنگھم کراؤن کورٹ نے70ہزار پاؤنڈ جرمانہ کیا ہے جب کہ قانونی ماہرین کے مطابق حج و عمرہ کے بارے میں قوانین نہ ہونے کی وجہ سے اکثر ایجنٹ سزا سے بچ جاتے ہیں کیونکہ ان کے اوپر محض ٹور آپریٹرس کے قوانین کا اطلاق ہوتا ہے ۔ قانونی ماہرین کے مطابق چونکہ مسلمانوںکو مذہب کے نام لے کر لوٹا جاتا ہے اس کے لئے الگ قانون ہونا چاہئے جس میں سزا کا واضح تعین کیاجائے جبکہ مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ حج اور عمرے کے نام پر فراڈ کرنا نہ صرف جرم بلکہ بہت بڑا گناہ بھی ہے ۔ لوگ اپنی ساری زندگی کی پونجی اس اہم عبادت پر خرچ کرتے ہیں مگر جب ان کے ساتھ فراڈ ہوتا ہے تو ان کے دل سے آہیں نکلتی ہیں ۔ برمنگھم کے علاقہ اسمال ہیتھ کی کوونٹری روڈ پر عمرہ اینڈ حج اسپیشلسٹ لمٹیڈ نامی کمپنی کو برمنگھم کراؤن کورٹ نے عازمین کے ساتھ دھوکہ دہی ثابت ہونے پر مجموعی طور پر70ہزار 235پاؤنڈ کا جرمانہ اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ فرم پر کنزیومر پروٹیکشن کے2008کے قانون کے مطابق5جرائم ثابت ہوگئے تھے جس کے بعد فرم کو حکم دیا گیا کہ وہ فراڈ کا شکار ہونے والے سات افراد کو38ہزار740پاونڈ اور عدالتی اخراجات کی مد میں25ہزار995پاونڈ ادا کرے جب کہ فرم کو5ہزار500پاونڈ جرمانہ اداکرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے ۔ حج و عمرہ فراڈ کے تعلق سے برمنگھم ٹریڈنگ اسٹانڈ ز کو اکتوبر2012میں ہونے والے حج کے بارے میں نومبر2012میں شکایات موصول ہونی شروع ہوگئی تھیں۔ ان عازمین نے کہا تھا کہ انہیں معاہدے کے مطابق مدینہ منورہ میں معیاری ہوٹل، ٹرانسپورٹ ، کھانا اور مناسب طورپر گائیڈلائن فراہم نہیں کی گئی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جب عازمین نے اپنے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک اور دھوکہ دہی کی شکایت کی تو ٹراویل فرم کے نمائندوں نے ان کے ساتھ انتہائی دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا اور انہیں اپنے خلاف کسی ادارے کو شکایت کرنے سے بھی باز رہنے کو کہا۔

رائٹر کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب برمنگھم سٹی کونسل کی ڈائرکٹر امیگریشن اینڈ انفورسمنٹ جیکی کینڈی نے کہا ہے کہ برمنگھم ٹریڈنگ اسٹانڈز نے ملک بھر میں حج ٹور آپریٹرس کے خلاف کارروائی شروعکردی ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے برمنگھم ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کو ملکی سطح پر حج آپریٹرس کے خلاف کارروائی کا اختیار دے رکھا ہے ۔ جیکی کینڈی نے کہا کہ لوگ ان حج آپریٹرس کے پاس اس لئے پھنس جاتے ہیں کہ ان کے ویزے صرف ان ہی کے ذریعہ لگ سکتے ہیں ۔ لوگ از خود ویزے حاصل نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو چاہئے کہ وہ اس طرح کا فراڈ کرنے والوں کے چہروں سے نقاب اتاریں۔ لوگوں کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی شکات کرنی چاہئے اور ان کا لی بھیڑوں کو عدالت کے کٹہرے میں لانا چاہئے ۔

Birmingham travel company admits mis-selling pilgrimages

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں