وزیر اعظم پر حصول اراضی بل کے ذریعہ صنعتکاروں کا احسان چکانے کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-20

وزیر اعظم پر حصول اراضی بل کے ذریعہ صنعتکاروں کا احسان چکانے کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے مودی حکومت پر حملہ میں شدت پیدا کرتے ہوئے پے در پے وار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کسانوں کے مفادات کی مدافعت کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر لوک سبھا انتخابات کے دوران کارپوریٹس سے لی گئی رقومات کی ادائیگی کے لئے حصول اراضی بل متعارف کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اسی دوران سونیا گاندھی نے حکومت پر کسانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک چھڑکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وضاحت کی کہ بے موسم کی بارش نے پہلے ہی ان کی کمر دہری کردی ہے۔ علاوہ ازیں ژالہ باری نے بھی ان کی فصلوں کو تباہ کردیا ۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ نیا حصول اراضی بل2013کے قانون کو کمزوربنانے کے لئے متعارف کیاجارہا ہے جب کہ2013ء کا قانون کسانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وضع کیا گیا تھا ۔ کسانوں کی ایک بڑی ریالی کے دوران کانگریس قیادت نے مودی حکومت کی جانب سے کاشت کاروں کو نقصان اور صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کے اقدامات کی ہر ممکن مخالفت اور بل کی منظوری کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عہد کیا ۔ اس ریالی کو راہول گاندھی کو اجاگر کرنے کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم باور کیاجارہا ہے ۔ سونیا اور راہول گاندھی کے علاوہ منموہن سنگھ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ سال انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی نے کاشتکاروں کو سبز باغ دکھائے اور ووٹ بٹورنے کے بعد اب کسان مخالف پالیسیاں اختیار کررہی ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ بس اب بہت ہوچکا راہول گاندھی تقریباً دو ماہ بعد عوامی زندگی اور سیاسی میدان میں دوبارہ واپس آئے ۔ انہوں نے حالیہ غیر ملکی دوروں کے درمیان بے ترتیبی اور بد نظمی کی صفائی کے ریمارک کے حوالہ سے نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیر ممالک میں سابقہ حکومتوں کے خلاف ایسے ریمارکس وزیر اعظم کے عہدہ کے شایان شان نہیں۔ انہوں نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو اس حقیقت سے آگاہ کروں گا کہ مودی جی کو انتخابات میں کامیابی کیسے حاصل ہوئی ۔ انہوں نے ملک کے بڑے بڑے صنعت کاروں سے ہزاروں روپئے حاصل کئے، انہیں رقومات کی مدد سے انہوں نے مارکیٹنگ کی اور خود کو لائق فراخت، بنایا۔ رام لیلا گراؤنڈ میں کسانوں سے خطاب کے دوران راہول گاندھی نے مزید کہا کہ اب وہ قرض کیسے ادا ہوگا، یہ بھی ہم ہی سے ہی سن لیجئے کہ کسانوں کی اراضی اب صنعت کاروں کے حوالے کردی جائیں گی۔ مود ی کسانوں سے ان کی زمین چھین کر صنعت کاروں کے حوالے کردینے کے درپے ہیں تاکہ کسان اور بھی کمزور اور صنعت کار مزید طاقتور ہوجائیں ۔ ان کا مقصد صنعت کار دوستوں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ مودی حکومت کا مادل یہی ہے کہ بنیاددوں کو کمزور کردیاجائے پھر عمارت سے ایک سیڑھی لگائی جائے ، خوبصورت رنگ و روغن سے آراستہ کر کے عمارت دنیا کو دکھائی جائے کہ دیکھ کیسی چمکدار اور درخشاں ہے یہ عمارت، جب کہ حقیقی معنوں میں عمارت اندر سے کھوکھلی ہوچکی ہے ۔

PM brought land Bill to 'pay back' industrialists, says Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں