وزیر اعظم مودی کو بجٹ سیشن کے نتیجہ خیز ہونے کی امید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-20

وزیر اعظم مودی کو بجٹ سیشن کے نتیجہ خیز ہونے کی امید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بجٹ سیشن کے دوبارہ آغاز کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے امید ظاہر کی کہ یہ نتیجہ خیز ہوگا اور دعویٰ کیا کہ جب سے ان کی حکومت اقتدار میں آئی ہے ، پارلیمنٹ کی کارکردگی125فیصد ہوگئی ہے ۔ کانگریس زیر قیادت اپوزیشن کی جانب سے خلل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اگر اپوزیشن جتنی بھی شدت سے ہو حکومت پر پارلیمنٹ کے اندر حملہ کرے تو زیادہ بہتر ہوگا ۔ انہوں نے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی ارکان سے حکومت کی کارکردگی بالخصوص بجٹ کے بارے میں عوامی رد عمل معلوم کرنے اور زیادہ توجہ کے ساتھ سیشن میں آنے کی خواہش کی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دوسرے نصف میں زیادہ معیاری مباحث اور نتائج دیکھے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی ارکان کو عوام کا بار بار شکریہ ادا کرن اچاہئے جن کی وجہ سے پارٹی کو بھاری اکثریت ملی اور پارلیمنٹ کی کارکردگی125فیصد تک پہنچ گئی جب کہ گزشتہ6,7برسوں کے دوران یہ کارکردگی نہایت ناقص تھی ۔ مودی نے پارلیمنٹ میں خلل کے خلاف سیاسی پارٹیوں پر دباؤ بنانے کے لئے صحافت کا شکریہ ادا کیا ۔ مودی نے اس موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج اور مملکتی وزیر وی کے سنگھ کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے جنگ زدہ یمن سے ہندوستانی شہریوں کے تخلیہ کا کارہائے نمایاں انجام دیا۔ مودی نے سنگھ کے اس کارنامہ کو اجاگر نہ کرنے پر میڈیا کو تنقید کانشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں دنیا بھر کے اخبارات نے ہندوستان کی راحتی مہم کو نمایاں طور پر شائع کیا وہین ہندوستانی میڈیا نے سنگھ کے کام کو نظر انداز کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ کیا آپ تصور کرسکتے ہیں ؟ یمن میں24گھنٹے بمباری ہورہی ہے ۔ ہر کوئی ایک دوسرے کو قتل کررہا ہے اورہم نے کئی ممالک سے بات چیت کرتے ہوئے کئی ہندوستانیوں کو وہاں سے نکالنے کے لئے2گھنٹے کے لئے لڑائی بند کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے ۔ میں جنرل وی کے سنگھ کو سلام کرتا ہوں ۔ اس کے لئے سشما سوراج بھی قابل ستائش ہیں ۔ مودی نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اس سے قبل کبھی ایسا کارنامہ انجام نہیں دیا ۔ سشما سوراج کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی نے پریشانی میں انہیں رات 1بجے ٹویٹ کیا تو وہ رات1:10بجے جواب دیا ۔ متعلقہ سفارتخانہ چوکس رہا۔

دریں اثنا یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب پارلیمنٹ کا مابقی بجٹ اجلاس کل شروع ہوگا جس میں تحویل اراضی بل پیش ہوتے ہی شوروغل اور ہنگامہ کا اندیشہ ہے ۔ لوک سبھا اجلاس ایک ماہ کے توقف کے بعد کل شروع ہوگا ، جب کہ راجیہ سبھا اجلاس کا آغاز 23اپریل سے مقررہے۔ تحویل اراضی بل کے علاوہ حکومت بعض دیگر اہم بلس بھی پیش کرنے پر غور کررہی ہے ۔ جن میں جی ایس ٹی ، ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیشن بل کے علاوہ غیر معلنہ غیر ملکی آمدنی و اثاثے و املاک ٹیکس بل2015ء ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن بل اور ریجنل رورل بینکس بل شامل ہیں ۔ اجلاس کے دوران وزارت اسٹیل کے تحت قومی اہمیت کے حامل اور آئی آئی ٹیز کے طرز پر قیام انسٹی ٹیوٹ سے متعلق ایل بل بھی پیش ہونے کی توقع ہے ۔ بعض دیگر بلس پر تبادلہ خیال اور بحث ممکن ہے جن میں ثالثی و مفاہمت ، سی ایس سی آرڈر امنڈمنٹ بل ، پیمنٹ اینڈ سیفلمنٹ سسٹمس ، رپیل اینڈ امنڈنگ بل اور دہلی ہائی کورٹ بل شامل ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ حصول اراضی بل وقت کا تقاضہ ہے اور حکومت گنوائے ہوئے موقع کے ازالہ کے لئے اسے جلد از جلد منظور کروانے کی خواہاں ہے ۔ عالمی ترقی تیز تر ہے، اور ہندوستان کسی طرح بھی دوڑ میں پیچھے رہنے کو برداشت نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے ساتھ ہی اپوزیشن سے ایوان کی کارروائیوں کو معمول کے مطابق چلنے دینے اور رخنہ اندازی سے گریز کی اپیل کی ۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ حصول اراضی بل پر بحث اور مشاورت کافی ہوچکی ہے جس کے بعد ہی پیش کیاجارہا ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے یہ بھی بتایا کہ اپوزیشن اس کی مخالفت اور اس میں ترمیم کے موقف پر اٹل ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے طاقت کے مظاہروں کی تیاریاں ہورہی ہیں ۔ جن میں آج کسانوں کی ایک ریالی بھی شامل ہے ۔ اپوزیشن کئی بار اپنے ارادوں کا اظہار کرچکی ہے ۔ کانگریس، کسان کھیت مزدور ریالی کا اہتمام کر کے زیادہ سے زیادہ تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کانگریس نے حصول اراضی بل کے ذریعہ مودی حکومت پر زیادہ سے زیادہ اور شدت کے ساتھ تنقید کا نشانہ بنانے کے لئے ’’زمین واپسی‘‘ ویب سائٹ بھی قائم کرلیا ہے ، جب کہ حکومت ایوان میں بل منظور کرانے پر مصر ہے ۔

Parliament Budget session: PM Narendra Modi looks forward to 'constructive debates'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں