نہرو حکومت پر نیتا جی کے اہل خانہ کی جاسوسی کا دعویٰ - رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-11

نہرو حکومت پر نیتا جی کے اہل خانہ کی جاسوسی کا دعویٰ - رپورٹ

نئی دہلی
یو این آئی
ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے دور میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کے اہل خانہ کی جاسوسی کرائی گئی تھی۔ حال ہی میں عام کئے گئے خفیہ سرکاری دستاویزات کی بنیاد پر ایک انگریزی ہفتہ وار میں شائع رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق1948سے1968تک نیتا جی کے اہل خانہ کی جاسوسی کرائی گئی ۔ اس دوران16سال تک پنڈت نہرو وزیر اعظم تھے اور خفیہ بیورو( آئی بی) کے سربراہ براہ راست ان کو رپورٹ کرتے تھے۔ یہ دستاویزات اب قومی میوزیم کا حسہ ہیں۔ ان کے مطابق آئی بی نے کولکتہ میں نیتا جی کے دو آبائی مکانوں ، ووڈ برن پارک اور38/2ایلکن رڈ میں اسی طرح جاسوسی کی تھی جس طرح انگریزوں کے زمانے میں ہوتی تھی ۔ آئی بی کے افسر نیتا جی کے اہل خانہ کی طرف سے بھیجے گئے خطوط کی جانچ کرتے تھے اور سائے کی طرح ہر دم ان کے ساتھ رہتے تھے ۔ ایجنسی کی دلچسپی اس بات میں تھی کہ نیتا جی کے لواحقین کس سے ملتے تھے اور کیا بات کرتے تھے ۔ آئی بی کے ایجنٹوں کی خاص نظر نیتا جی کے بھائی شرت چندر بوس کے بیٹوں ششر کمار بوس اور امیہ ناتھ بوس پر رہتی تھی ۔ یہ دونوں نیتاجی کے سب سے قریبی تھے ۔ ان دونوں نے آسٹریلیا میں رہنے والی نیتا جی کی بیوی ایملی شینکل کو کئی خط لکھے تھے ۔ اس انکشاف سے نیتا جی کا خاندان سکتہ میںہے۔ نیتا جی کے پوتے چندر کمار بوس نے کہا کہ جاسوسی تو ان لوگوں کی جاتی ہے جو جرم کرتے ہیں اور جن کا دہشت گردوں سے واسطہ ہوتا ہے ۔ سبھاش بابو اور ان لواحقین ہندوستان کی آزادی کے لئے لڑے تھے۔ پھر ان کی جاسوسی کیوں کی گئی۔ نتیا جی کی1945میں تائیوان میں طیارے کے حادثے میں انتقال ہوا تھا یا نہیں اس سلسلے میں آج بھی تنازعہ قائم ہے ۔ ان کے خاندان کے کچھ اراکین اب بھی اس کی جانچ کی مانگ کرتے رہتے ہیں ۔ حکومت نے تین بار اس سلسلہ میں جانچ کمیشن تشکیل کی۔ آخری بار واجپائی حکومت کے دوران کمیشن کو تشکیل دیاگیا تھا لیکن وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پایا ۔ نیتا جی سے متعلق کچھ خفیہ دستاویزات آج بھی حکومت کے پاس ہیں لیکن حکومت ان کی اطلاع دینے سے یہ کہتے ہوئے انکا ر کرتی رہی ہے کہ اس سے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوسکتے ہیں ۔

Nehru Government Spied on Netaji Subhas Chandra Bose's Family, Reveal Declassified Files

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں