پاکستان و چین کے اربوں ڈالر کے معاہدے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-21

پاکستان و چین کے اربوں ڈالر کے معاہدے

اسلام آباد
یو این آئی
چین کے صدر زی جن پنگ آج اپنے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے جہاں وزیر اعظم نواز شریف نے ان کا سرخ قالین پر استقبال کیا ۔ چینی صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی دوستی مشترکہ اثاثہ ہے اور دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلقات کو مزید بڑھائیں گے ۔ گزشتہ 9برسوں میں کسی بھی چینی صدر کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اربوں ڈالر کے متعدد پراجکٹس کے معاہدوں پر دستخط کئے ۔ وزیر اعظم نواز شریف اور چینی نے8منصوبوں کی نقاب کشائی کی۔ چینی صدر اور وزیر اعظم نواز شریف نے توانائی کے5منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ پاک چین اقتصادی تکنیکی معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ آپٹیکل فائبر منصوبوں کا بھی آغاز کردیا گیا ۔ پنجاب میں900میگا واٹ کے شمسی توانائی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا گیا جب کہ شاہراہ قراقرم کی جدید کاری کی یادداشت مفاہمت پر بھی دستخط کئے گئے ۔ پاک۔ چین مفاہمت کی51یادداشت مفاہمت پربھی دستخط کئے گئے ۔جن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ان میں میٹرو ٹرانزٹ سسٹم اور رنج لائن لاہور کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔ جب کہ بہاولپور میں100میگا واٹ کے سولار پارک، اسلام آباد میں ایف ایم ریڈیو98دوستی چینل، ڈی ٹی ایم پی براڈ کاسٹنگ ، اسمال ہائیڈروپاور مشترکہ ریسرچ، پاک چین ثقافتی مرکز کے قیام، انڈسٹریل اینڈ کمرشیل بینک آف چائنا کی لاہور برانچ اور720میگا واٹ کے پن بجلی منصوبے کروٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ منصوبوں کا افتتاح ویڈیو لنک کے ذریعہ کیا گیا ۔ چینی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ کے علاوہ چینی وزراء ۔ کمیونسٹ پارٹی کے رہنما اعلیٰ حکام اور چینی تجارتی کمپنیوں کے سربراہان بھی پاکستان آرہے ہیں ۔ وہ اس دورے کے دوران اعلیٰ پاکستانی حکام سے بات چیت کے علاوہ منگل کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ۔ چینی صدر کو گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم اسلام آباد میں جاری تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے سیکوریٹی بنیادوں پر انہیں یہ دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا ۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ چین ملک میں توانائی کی کمی پوری کرنے کے لئے شروع کئے جانے والے نئے منصوبوں میں تقریباً34ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے میں خنجر اب میں پاکستان اور چین کی سرحد سے لے کر بلو چستان میں گوادر کی بندرگاہ تک سڑکوں اور ریل کے رابطوں کی تعمیرکے علاوہ بجلی پید اکرنے کے منصوبوں سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ چینی بینک پاکستان کو آسان شرائط پر12ارب ڈالر کے قرضے بھی دیں گے اور یہ رقم انفراسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبوں پر خرچ ہوگی ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے تعلقات اسٹریٹیجک شراکت داری سے اسٹریٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں ، جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی ۔ احسن اقبال نے بتایا کہ چین کے تعاون سے سب سے پہ لے تھر میں کوئلے سے بجلی کی پیدا وار کے منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے6600میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جو ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد گارٖثابت ہوگی۔

China's Xi Jinping Launches Investment Deal in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں