ساحلی آندھرا میں بھی زلزلہ کے خفیف جھٹکے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

ساحلی آندھرا میں بھی زلزلہ کے خفیف جھٹکے

وشاکھا پٹنم
یو این آئی
شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں بھی آج زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جب کہ نیپال اور شمالی ہند کے علاوہ شمال مشرقی ہندوستان کے کئی مقامات پر زلزلہ کے طاقتور جھٹکوں سے دہل کر رہ گئے ۔ اے پی میں بھی اگرچہ جھٹکے محسوس کئے گئے لیکن کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ وشاکھا پٹنم کے سائیکلون وارننگ سنٹر نے بتایا کہ اضلاع وجیا نگرم، وشاکھا پٹنم ، سریکا کلم اور مشرقی گوداوری میں چند سیکنڈس کے لئے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک طاقتور زلزلہ کے بعد دیگر مقامات پر خفیف جھٹکے محسوس ہونا عام بات ہے ۔ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے اور ساحلی آندھرا پردیش میں جھٹکوں کے باوجود کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ اسی دوران کاکیناڈا اور راجمندری سے موصولہ اطلاع کے مطابق بتایا گیا ہے کہ راجمندری، املام پورم، کاکیناڈا، کوتہ پیٹ ،راؤلا پالم اور ممڈی وارم میں بھی زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یہ تمام مقامات ضلع مشرقی گوداوری میں واقع ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ صبح11:30اور12بجے کے درمیان چند سیکنڈس کے لئے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی عوام گھروں سے نکل پڑے اور ان میں افرا تفری پھیل گئی ۔ کاکیناڈا مین روڈ پر واقع ہمہ منزلہ عمارتوں میں مقیم لوگ دہشت کے عالم میں باہر نکل آئے اور چیخ و پکار کرنے لگے ۔ اپولو ہاسپٹل کے پی آراآدتیہ نے بتایا کہ تقریباً15سیکنڈ تک زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ہاسپٹل کے ہر گوشے میں جھٹکے واضح طور پر محسوس ہوئے تاہم کہیں کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ راجمندری ، پیداپورم اور تونی ٹاؤنس سے موصولہ اطلاعات میں بھی عوام نے ہلکے جھٹکوں کی توثیق کی ہے ۔

Coastal Andhra earthquake jolts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں