کولکاتا کارپوریشن انتخابات - 60 فیصد پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-19

کولکاتا کارپوریشن انتخابات - 60 فیصد پولنگ

کولکاتا
یو این آئی
کلکتہ کارپریشن کے انتخابات تشدد ہنگامہ آرائی کے درمیان اختتام پذیر ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سہ پیر تین بجے تک60فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔ پولنگ کا وقت سہہ پہر تین بجے مقرر کیا گیا تھا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے ترنمول کانگریس پر تشدد پھیلانے اور بوتھ پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ جب کہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے اپوزیشن کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کلکتہ کارپوریشن کے انتخابات کو پر امن بتایا ہے ۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تشدداور بوتھ پر قبضہ کرنے کی کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں ، الیکشن آبزرور اور پولیس افسران شکایتوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ بیشتر شکایتیں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے کی گئی ہیں ۔ سی پی ایم کی قیادت میں بایاں محاذ نے بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ کو انتخابی پینل کے ذریعہ کنٹرول کیے جانے کے بجائے ترنمول کانگریس کے ورکرس کنٹرول کررہے تھے ۔ سی پی ایم لیڈر سونجن چکرورتی نے کہا کہ انتخاب شروع ہوتے ہوئے تشدد کے واقعات شروع ہوگئے تھے ۔ ترنمول کانگریس نے ان30وارڈوں میں جم کر تشدد کا سہارا لیا جہاں انہیں خطرہ تھا کہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے ۔ ان تشدد کے واقعات میں75افراد زخمی ہوگئے ہیں مگر ریاستی الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا۔ چکر ورتی نے کہا کہ ہم نے کمیشن کے پاس14شکایتیں درج کرائی ہیں مگر ریاستی الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ سی پی ایم لیڈر فواد حلیم نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ ترنمول کانگریس کے ورکروں نے ان پر حملے کئے ہیں اور گولی چلائی ہے ۔ حلیم نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے ورکروں نے میرے اوپر تین راؤنڈ گولی چلائی اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔ کانگریسی لیڈر سنتوش پاٹھک نے بھی ترنمول کانگریس پر غنڈہ گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس کے ورکروں نے اپوزیشن پارٹیوں کے ورکروں پر حملے کئے اور بم چلائے ہیں ۔

60 percent voting amid violence in Kolkata civic polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں