ہندوستان کے ساتھ دفاعی و سلامتی تعاون میں اضافہ کی جاپان کی خواہش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-01

ہندوستان کے ساتھ دفاعی و سلامتی تعاون میں اضافہ کی جاپان کی خواہش

ہند۔ بحر الکاہل خطہ میں چین کی بڑھتی سر گرمیوں کے دوران جاپان نے آج دفاعی و سلامتی شعبہ بشمول بحری سلامتی کے شعبہ میں ہندوستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ کی خواہش کی ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان ٹوکیو کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم تصور کرتا ہے ، کہا کہ جاپان دفاعی ٹکنالوجی شعبہ سمیت میک ان انڈیا مہم میں ایک مراعات یافتہ شراکت دار ہے۔ منوہر پاریکر جاپان کے چار روزہ دورہ پر ہیں ۔ انہوں نے آج جاپانی وزیر خارجہ فومیو کیشیدا کے ساتھ بات چیت کی۔ بات چیت کے دوران کیشیدا نے دونوں ممالک کے مابین حکمت عملی مفادات کے مشترکہ ہونے پر زور دیا اور باہمی دفاعی و سلامتی تعاون بشمول بحری سلامتی کے شعبہ میں تعاون میں اضافہ کے لئے جاپان کی خواہش کا بھی اظہارکیا ۔انہوں نے کہا کہ جاپان، ہندوستان کے ساتھ معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے اور علاقائی ارتباط میں اضافہ کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہے گا۔ منوہر پاریکر نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے جاپان کی پہل کا خیر مقدم کیا ۔ بیجنگ کے ساتھ ٹوکیو کے اختلافات کے درمیان ہند۔ جاپان باہمی دفاعی تعلقات کومزید گہرائی و گیرائی عطا کرنا چاہتے ہیں ۔ جنوبی چین کے سمندر میں خانگی جزائر پر کنٹرول کے سلسلہ میں جاپان اور چین کے درمیان تنازعہ چلا آرہا ہے ۔ سینکا کو جزائر جنہیں بیجنگ’’ دیاؤ جزائر‘‘قرار دیتا ہے ، کے کنٹرول کے سلسلہ میں چین اور جاپان کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔ منوہر پاریکر نے کہا کہ ہندوستان ، جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، جس کا اس حقیقت سے اظہار ہوتا ہے کہ وہ وزیر دفاع کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد سب سے پہلے جاپان کا دورہ کررہے ہیں ۔ جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے جن سے منوہر پاریکر نے کل ملاقات کی تھی، انہیں بتایا تھا کہ مضبوط ہند۔جاپان شراکت داری نہ صرف دونوں ملکوں کے قومی مفاد میں ہے بلکہ خطہ میں امن و سلامتی کے لئے بھی اہمیت کی حامل ہے ۔

India-Japan to focus on maritime security

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں