یمن سے ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی کے لیے آپریشن راحت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-01

یمن سے ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی کے لیے آپریشن راحت

ہندوستان کو آج رات یمن کے بندرگاہی شہر عدن سے تقریباً400ہندوستانیوں کو نکالنے کے لئے عدن بندرگاہ پر اپنے جہاز روکنے کی اجازت مل گئی ۔ جب کہ حکومت نے جنگ زدہ ملک سے اپنے زائد از400شہریوں کو فضائی و سمندری راستے سے نکالنے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے ۔ قبل ازیں اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ یمن سے ہندوستانیوں کوبچانے کے لئے روانہ کردہ ہندوستانی بحریہ کا ایک جہاز جنگ سے متاثرہ ملک کے آبی حدود کے قریب پہنچ گیا ہے لیکن اسے ایر انڈیا کے دو طیاروں کی طرح آگے بڑھنے کے لئے مقامی منظوری کا انتظار ہے۔ مزید چار جہاز بشمول دو جنگی جہاز بھی توقع ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے شروع کردہ آپریشن راحت کے تحت4اپریل تک یمن پہونچنے کی توقع ہے۔ دفاعی ذرائع نے آج یہ بات بتائی ۔ صنعا کے بشمول یمن کے مختلف صوبوں میں تقریباً3500ہندوستانی ہیں جن میں بیشتر نرسیں ہیں ۔ ایک جہاز آئی این ایس سمترا جسے ہندوستانیوں کو بچانے کے لئے خلیج عدن سے انسداد قزاقی آپریشن سے ہٹا کر روانہ کیا گیا ہے، یمن کے آبی حدود کے بالکل قریب پہنچ گیا ہے اور وہ منظوری کے انتظار میں ہے جب کہ عدن میں شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں ۔ منصوبہ کے مطابق آئی این ایس سمترا عدن میں پھنسے تقریباً400ہندوستانیوں کو لے کر جیبوٹی جائے گا ۔ آئی این ایس سمترا کے علاوہ ہندوستانی بحریہ کے دو جنگی جہاز آئی این ایس ممبئی اور آئی این ایس ترکش بھی ممبئی سے روانہ کئے گئے ہیں ۔ دو مرچنٹ جہاز کا وارتی اور کورال کو بھی روانہ کیا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ چار جہاز 2اپریل کو بحیرہ عرب میں ایک ساتھ ہوجائیں گے اور مل کر جیبوٹی جائیں گے ۔ اس دوران مملکتی وزیر خارجی وی کے سنگھ جنگ زدہ ملک سے تقریباً چار ہزار ہندوستانیوں کو بچانے کے عمل کی نگرانی کے لئے جیبوٹی روانہ ہوگئے ہیں ۔ اس دوران وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں یمن میں پھنسے ہندوستانیوں کو بچانے کے لئے حکومت کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

Efforts on to bring back Indians from Yemen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں