کرکرے کی موت کی تازہ تحقیقات کے لئے درخواست پر سماعت ملتوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-25

کرکرے کی موت کی تازہ تحقیقات کے لئے درخواست پر سماعت ملتوی

ممبئی
پی ٹی آئی
بمبئی ہائی کورٹ نے آج مہاراشٹرا کے سابق اے ٹی ایس سربراہ ہیمنت کرکرے کی موت کی تازہ تحقیقات کی اپیل کرتے ہوئے دائر کردہ ایک درخواست کی سماعت کو گرمائی تعطیلات کے بعد مقر کیا ہے ۔ بہار کے سابق رکن اسمبلی رادھا کانت یادو کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی بنیاد ایک کتاب ہے جسے سابق آئی پی ایس افسر ایس ایم مشرف نے تحریر کیا ہے ۔ کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے رچی گئی سازش2008ء میں ممبئی دہشت گرد حملہ کے دوران کرکے کی موت کا سبب بنی تھی ۔ درخواست گزار نے اس زاویہ سے تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی اپیل کی ہے ۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ ابھینو بھارت دائیں بازو گروپ کی تنظیم ہے جس کا نام2008ء کے مالیگاؤں بم دھماکوں کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا تھا ۔ یہ تنظیم کرکرے سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی تھی کیونکہ آئی پی ایس افسر اس معاملہ کی تہہ تک پہنچ چکے تھے اور مزید کچھ افراد کی گرفتاریاں عمل میں آنے والی تھیں ۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ کرکرے کو دانستہ طور پر اس مقام پر بھیجا گیا تھا جہاں انہیں اور دیگر افراد کا گھات لگا کر قتل کیا گیا ۔ حکومت نے بمبئی ہائی کورٹ میں اپنا یہ موقف رکھا کہ وہ جواب داخل کرنے سے قبل معاملہ کا جائزہ لے گی ۔ اس جواب کے بعد عدالت نے کرکرے کی موت کی تازہ تحقیقات کی درخواست پر سماعت کو گرمائی چھٹیوں کے بعد مقرر کیا۔

Hearing for fresh probe into 26/11 hero Karkare's death

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں