حصول اراضی بل - حکومت مزید ترمیمات کی مخالفت نہیں - مرکزی وزیر نتن گڈکری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-09

حصول اراضی بل - حکومت مزید ترمیمات کی مخالفت نہیں - مرکزی وزیر نتن گڈکری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حصول اراضی بل کی منظوری کے لئے اپوزیشن کا اعتماد حاصل ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نٹن گڈ کری نے کہا کہ حکومت اس بل میں مزید تبدیلیوں کی مخالف نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم اراضی بل میں مزید ترمیمات کے مخالف نہیں ہیں بشرطیکہ یہ ترمیمات بہتر اور ٹھوس نوعیت کی ہوں ۔ مزید تبدیلیوں پر کوئی پابندی نہیںہے تاہم انہوں نے انتباہ دیا کہ ترمیمات کا مقصد بل کی منظوری میں تاخیر اور حکومت پر بالا دستی حاصل کرنا نہیںہونا چاہئے ۔ ایسی صورت میں ان پر غور نہیںکیاجائے گا۔ گڈ کری نے کہا ہم نے لوک سبھا میں مباحث کے بعد 9 ترمیمات قبول کی ہیں اور ہم نئی تبدیلیوں کے لئے تیار ہیں ۔ راجیہ سبھا میں این ڈی اے ارکان کی کم تعداد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں ایوان بالا سے تائید حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں راجیہ سبھا ارکان اس بل کی تائید کریں گے ۔ ہمیں مثبت رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ حصول اراضی میں شفافیت اور منصفانہ معاوضہ کے حق و باز آباد کاری ترمیمی بل 2014 کو لوک سبھا میں منظوری مل گئی ہے لیکن اسے راجیہ سبھا میں منظور نہیں کیاجاسکا ہے ، کیونکہ ایوان بالا میں حکمراں این ڈی اے کے ارکان کی تعداد کم ہے ۔ بہر حال پارلیمنٹ کی جانب سے بل کی منظوری میں تاخیر کے سبب متعلقہ آرڈیننس کو دوبارہ جاری کیا گیا تاکہ قانون سازی کے تسلسل کو یقینی بنایاجاسکے ۔ چونکہ نئے آرڈیننس میں لوک سبھا سے منظور9 ترمیمات شامل ہیں، اور یہ قبل ازیں جاری کردہ بل سے مختلف ہے ، لوک سبھا میں ایک اور بل متعارف کرایاجائے گا ۔ اپوزیشن جماعتیں موجودہ شکل میں بل کی مخالفت کررہی ہیں ۔

Govt not averse to more changes to the land acquisition bill: Nitin Gadkari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں