منصف نیوز بیورو
حکومت تلنگانہ نے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہاں اقلیتی طلباء کے لئے25کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح مسابقی امتحانات میں شرکت کا اہل بنانے کے لئے اسٹیڈی سرکلس کے قیام پر7کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ اسٹیڈی سرکلس صرف اقلیتوں کے لئے ہوں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے جو ریاست کے وزیر تعلیم بھی ہیں ، متعلقہ وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں یہ فیصلے لئے گئے۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جو محکمہ مال کا بھی قلمدان رکھتے ہیں، بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت ،اقلیتوں کی تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ حکومت،90تا95فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلباء کو جو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے خواہاں ہیں ، اخراجات ادا کرے گی ۔ انہیں دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ جاریہ سال اقلیتوں کے لئے1105کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ اور سال بھر کے دوران بجٹ کے بھرپور استعمال کو یقینی بنایاجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کو بھی صنعتکاری کے میدان میں لایاجائے گا ۔ اس سلسلہ میں اقدامات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔ اور شہری علاقوں میں بینکوں سے قرض لینے کے لئے آمدنی کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے2لاکھ روپے سالانہ اور دیہی علاقوں میں دیڑھ لاکھ روپے سالانہ حد مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کو قرض کی فراہمی کے لئے بینکرس آگے نہیں آرہے ہیں ۔ کیونکہ قرض لینے کے لئے درخواست گزار جو انکم ،سر ٹیفکیٹ داخل کرتے ہیں اس میں سالانہ آمدنی60ہزار کے آس پاس بتائی جاتی ہے۔ یہ دیکھ کر بینک پیچھے ہٹ جاتے ہیں کہ درخواست گزار اتنی قلیل آمدنی میں اپنے گھر کے اخراجات پارے کرے گایا بینک کا قرض ادا کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے سالانہ آمدنی کی حد میں اضافہ عمل میں لایا ہے ۔ اقلیتی بہبود کے محکمہ میں اسٹاف کی کمی کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ جیسے ہی اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبو د اجمیر سے حیدرآباد واپس ہوں گے ، مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کرکے تمام جائیدادوں پر تقرررات کے اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام تقرررات نو تشکیل شدہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں بھی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
25 Crores for Telangana Minorities student to study in abroad
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں