پی ٹی آئی
اے پی کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ٹاملناڈو کے اپنے ہم منصب اوپنیر سیلوم کو تیقن دیا کہ ضلع چتور کے واقعہ کی جامع تحقیقات انجام دی جائیں گی ۔ واضح ہو کہ اس واقعہ میں پولیس نے سرخ صندل کی لکڑی کے مبینہ20اسمگلروں کا انکاؤنٹر کردیا تھا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے پنیر سیلوم کو تیقن دیا کہ تحقیقات تیز رفتاری سے انجام دی جائیں گی ۔ پنیر سیلوم کو جواب روانہ کرتے ہوئے جب کہ انہوں نے7اپریل کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا تھا ، چندرا بابو نائیڈو نے ایک مکتوب میں کہا کہ حقائق کا پتہ چلایاجارہا ہے۔ نعشوں کا پوسٹ مارٹم بھی انجام دیا گیا ہے اور حکومت اے پی نے عدالتی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔ میں آپ کو تیقن دیتا ہوں کہ بلا تاخیر تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور جو بھی ضروری کارروائی ہوگی، وہ کی جائے گی ۔7اپریل کو اے پی پولیس نے مخالف سرخ صندل اسمگلنگ ٹاسک فورس کے ساتھ ضلع چتور میں سیشا چلم کے جنگلاتی علاقہ میں سری وری متو اور ایسا گنڈو کے مقام پر20افرادکو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ تمام مہلوکین کا تعلق پڑوسی ریاستی ٹاملناڈوسے بتایاجاتا ہے۔ پنیر سیلوم نے اسی دن نائیڈو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے واقعہ کی تیز رفتار اور بھروسہ مند تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب یہ ممکن ہے کہ یہ افراد ہوسکتا ہے غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث رہے ہوں تاہم ایک آپریشن میں اتنی زیادہ تعداد میں ہلاکتوں سے کیا ہمیں اس بات کا پتہ نہیں چلتا کہ ٹاسک فورس کے جوانوں نے صبروتحمل سے کام نہیں لیا تھا ۔ ٹاملناڈو کے چیف منسٹر نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے اور متاثرہ خاندانو ں کو معاوضہ کی ادائیگی بھی یقینی ہونی چاہئے ۔ اسی دوران اے پی کے وزیر جنگلات بی گوپال کرشنا ریڈی نے ادعا کیا کہ حکومت ٹاملناڈو، اپنی ریاست میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس مسئلہ پر حکومت اے پی کو نشانہ بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعہ کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے سیاسی فائدے حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔
Chittoor Shootings: Chandrababu Naidu Assures Tamil Nadu Chief Minister of Speedy Probe
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں