تلنگانہ میں برڈ فلو - 2 لاکھ مرغیاں تلف کرنے کے اقدامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-15

تلنگانہ میں برڈ فلو - 2 لاکھ مرغیاں تلف کرنے کے اقدامات

حیدرآباد
پی ٹی آئی
تلنگانہ کے ضلع رنگا ریڈی کے ایک موضع میں برڈ فلو کی وبا پھوٹ پڑی ہے جس کے بعد تقریباً دیڑھ لاکھ مرغیوں کو تلف کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ افزائش مویشیاں کے ڈائرکٹر بی وینکٹیشور لو نے کہا کہ برڈ فلو پھوٹ پڑنے کی توثیق ہوگئی ہے ۔ ضلع رنگا ریڈی کے حیات نگر منڈل کے تھرور موضع میں اویان انفلوائز سے پرندے متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بھوپال میں قائم لیباریٹری کو 10نمونے بھیجے گئے تھے جن میں سے5کے متاثر ہونے کی توثیق ہوئی ہے ۔ اضلاع رنگا ریڈی ، محبوب نگر اور حیدرآباد کے ضلع حکام نے آج ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا اور مرکز کی جانب سے مقررہ میعاری طریقہ کار کے مطابق متاثرہ فرام کے اطراف ایک کلو میٹر کے علاقہ کو متاثرہ زون قرار دیا اور10کلو میٹر اطراف کے علاقہ کو زیر نگرانی زون سے تعبیر کیا ۔ وینکٹیشور لو نے کہا کہ فی الواقعی ہم نے متاثرہ زون میں پرندوں کو تلف کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک کلو میٹر کے علاقہ میں پانچ فارمس ہیں جہاں1.45لاکھ مرغیاں ہیں ، جنہیں تلف کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرندوں کو تلف کرنے کا تمام عمل72 گھنٹے میں مکمل کرلیاجائے گا۔ اس کام کے لئے65سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، جن میں سے ہر ایک کی نگرانی ایک مویشیوں کے ڈاکٹر کو سونپی گئی ہے ۔ جس علاقہ کو نگرانی والا زون قرار دیا گیا ہے وہاں سے پولٹری کی منتقلی پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس علاقہ سے ایک بھی مرغی اور انڈا باہر نہیں جائے گا۔ اندیشوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پولٹری کا گوشت70ڈگرتی سنٹی گریڈ پر20منٹ تک پکایاجاتا تواس کا وائرس ہلاک ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ مرغیوں کی زد میں آنے والے افراد کی جانچ کے لئے تیز رفتار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق حیدرآباد کے اطراف تقریباً20کلو میٹر کے رقبہ میں دو لاکھ مرغیاں تلف کی جائیں گی ۔ اسسٹنٹ وٹرنری سرجن ڈاکٹر کے وامشی کرشنا ریڈی کے حوالہ سے میڈیا نے بتیاا کہ تقریبا دو لاکھ مڑغیوں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کے لئے تمام حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کی تباریاں شروع کردی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ حیات نگر کے تھرور منڈل میں ایک پولٹری فارم میں گزشتہ ہفتہ کئی مرغیاں پراسرار طور پر مر گئی تھیں ۔ جس کے بعد مردہ مرغیوں کے نمونے جانچ کے لئے بھوپال کی لیباریٹری میں بھیجے گئے ۔ پولٹری فارم میں سینکڑوں مرغیوں کے مردہ پائے جانے کے بعد مقامی ویٹرنری ڈاکٹر نے چوکسی کا انتباہ دیا تھا۔

Bird flu in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں