کسان کھیت ریلی کی تیاریوں میں کانگریس مصروف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-12

کسان کھیت ریلی کی تیاریوں میں کانگریس مصروف

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس یہاں19اپریل کو اراضی بل پر کسانوں کی ریالی کی تیاریوں میں مصروف ہے اور توقع ہے کہ2 ماہ طویل رخصت کے بعد راہول گاندھی پہلی مرتبہ عوام کے سامنے آئیں گے اور اس ریالی سے خطاب کریں گے ۔ پارٹی نے جارحانہ میڈیا مہم شروع کردی ہے اور ایک خصوصی ٹرین بھی مخصوص کرائی گئی ہے ۔ راجستھان پرویش کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے بتایا کہ سال2011میں بھٹا پر سول میں راہول گاندھی کے احتجاج کے سبب2013میں یوپی اے نے اراضی بل پیش کیا تھا جس میں یہ حکومت ترمیم کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ دو ماہ طویل رخصت کے بعد وہ نئے جوش و خروش کے ساتھ واپس ہورہے ہیں ۔ ہم اس مخالف کسان بل کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ۔ اس ریالی کو راہول کی واپسی اور پارٹی کی طاقت کے مظاہرہ کے طور پر دیکھاجارہا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس اصل قانون میں ترمیم کی شدید مخالفت کررہی ہے ۔ کانگریس کو توقع ہے کہ وہ "چلو دلی چلو" کے نعرہ کے ساتھ ملک کے مختلف مقامات سے عوام کو یہاں جمع کرسکے گی۔اس نعرہ پر مشتمل ہورڈنگس ہر طرف آویزاں کی جائیں گی اور ایف ایم ریڈیوپر بھی نعرہ سناجاسکے گا ۔ پارٹی نے ریڈیو پر اسٹاٹس مخصوص کروائے ہیں ۔ 17بوگیوں پر مشتمل کسان ایکسپریس ٹرین ریالی کے دن کسانوں کو لے کر جئے پور سے روانہ ہوگی اور دہلی پہنچے گی ۔ راستہ میں یہ ٹرین چھ مقامات پر توقف کرے گی۔ اس ریالی میں خواتین بھی شرکت کریں گی ۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ پارٹی نے ہندی، مراوئی اور برج زبانوں میں ایف ایم ریڈیو پر وقت مخصوص کروایا ہے تاکہ اس پیام کو عام کیاجاسکے کہ این ڈی اے حکومت غریبوں کی مخالف ہے ، اس ریالی کے لئے تیار کئے گئے نعروں میں ایک دلکش نعرہ"ہماری زمین، ہماری پہچان، ہمارا سامان ہے، جس کے ذریعہ کانگریس نے حصول اراضی کے مسئلہ کو کسانوں کی بقا کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی ہے ۔ کسان۔ کھیت مزدور ریالی کے لئے تیار کی جانے والی ہورڈنگس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ساتھ صرف کانگریس کے نائب صدر کی تصاویر شائع کی جائیں گی ۔ ان ہورڈنگس پر راہول کے 2011کے بھٹا پرسول احتجاج اور سونیا گاندھی کی مختلف ریاستوں میں متاثرہ کسانوں سے حالیہ ملاقات کی تصاویر بھی اتاری جائیں گی ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے تمام پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ اسی طرز پر کسانوں کی ریالی کی ہورڈنگس تیار کریں ۔ یہ ریالی اس لئے بھی اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ یہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلہ کے آغاز سے قبل منعقد کی جارہی ہے ۔ کانگریس کی زیر قیادت تمام اپوزیشن جماعتیں آرڈیننس کے خلاف صف آرا ہوچکی ہیں جسے مخالف کسان اور موافق کارپوریٹ قرار دیا جارہا ہے۔

Congress pulling out all stops for farmers rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں