بانی جامعہ نظامیہ کی صد سالہ عرس تقاریب - وزیر اعلیٰ تلنگانہ کی شرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-21

بانی جامعہ نظامیہ کی صد سالہ عرس تقاریب - وزیر اعلیٰ تلنگانہ کی شرکت


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2015-mar-21

jamia-nizamia-centenary-conference
منصف نیوز بیورو
بانی جامعہ نظامیہ حضرت شیخ الاسلام عارف باللہ محمد انوار اللہ فاروقی کے صدسالہ عرس تقاریب کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام میں آج وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو غربت سے پاک خوشحال ریاست میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ جلسہ میں مدعو کیے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعہ ازہر کے بعد جامعہ نظامیہ کو دنیا بھر میں دینی علوم کے لیے دوسرا مقام حاصل ہے۔ ریاست تلنگانہ کو جامعہ نظامیہ پر فخر ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے کسی بھی چیف منسٹر نے نے جنوبی ہند کی اس قدیم درسگاہ کا دورہ کرنا مناسب نہیں سمجھا جبکہ یہاں بلاامتیاز مذہب ہر طبقہ کے لوگ تعلیم سے آراستہ ہوئے ہیں۔
ریاست کو سنہری اور نورانی تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے عزائم ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اسی وقت ممکن ہے جب ترقی کے ثمرات تمام طبقات تک پہنچیں۔ بلالحاظ مذہب ذات پات ہر فرد ترقی کرے۔ اگر ارادے نیک اور حاصل کرنے کا جذبہ ہو تو اللہ کی نصرت ضرور حاصل ہوتی ہے۔ تلنگانہ کو گنگا جمنی تہذیب کا عظیم مرکز اور خوبصورت پھولوں کا گلدستہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حیدرآباد کے عالمی شہرت یافتہ تہذیب و تمدن کا احیا کیا جائے گا اور اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تلنگانہ بجٹ میں مختص 1105 کروڑ روپے کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے گا۔ صرف چند پالیسیوں کے اعلان سے کسی طبقہ کی ترقی ممکن نہیں ہے لہذا ہم قوم کے ذی اثر دانشور افراد سے مشاورت کرتے ہوئے ترقی کے لیے معلنہ اقدامات کریں گے۔ وقف املاک کے تحفظ کے لیے کام کیا جائے گا۔ علما و مشائخین سے مشاورت کرتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر نے جامعہ نظامیہ میں ہمہ منزلہ فضیلت جنگ آڈیٹوریم کی تعمیر کے لیے 9.60 کروڑ روپے کی منظوری کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے جامعہ نظامیہ کی اسناد کو سابق موقف کے مطابق عثمانیہ یونیورسٹی میں مسلمہ حیثیت بحال کرنے کے اقدامات عمل میں لانے کا تیقن دیا۔
قبل ازیں شیخ الجامعہ مفتی خلیل احمد نے خیرمقدمی تقریر کرتے ہوئے بانی جامعہ نظامیہ کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام نے دنیا کو جامعہ نظامیہ ، دائرۃ المعارف ، کتب خانہ آصفیہ اور انوار العلوم کالجس جیسے تعلیمی ادارے دیے۔ جامعہ نظامیہ کو علاقہ دکن کے لیے تعلیمی مرکز میں تبدیل کر دیا۔ بلا لحاظ مذہب تعلیمی فیض بانٹنا کسی علاقہ یا قوم تک محدود نہیں رہا۔ وقت کے حکمرانوں کو مذہبی رواداری اور انصاف کرنے کا درس دیا۔
نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے جامعہ نظامیہ کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ قدیم جامعہ سے فارغ التحصیل طلبا دنیا کے کونے کونے میں علم کو پھیلانے میں مصروف ہیں۔
جلسہ عام سے صدرنشین کلیۃ الدرسات الاسلامیہ جامعہ ازہر ڈاکٹر جادالرب امین عبدالمجید نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر بانی جامعہ نظامیہ حافظ انوار اللہ فاروقی کے اعزاز میں انڈین پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پوسٹل کور کا وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کے ہاتھوں اجرا عمل میں آیا۔

اعتماد نیوز کے بموجب افتتاحی اجلاس کے شہ نشین پر قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی اکبر الدین اویسی ، نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی ، امیر جامعہ نظامیہ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد، مجلس کے ارکان مقننہ احمد پاشا قادری، ممتاز احمد خان، کوثر محی الدین، احمد بلعلہ ، معظم خان، جعفر حسین معراج ، ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم ، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود عمر جلیل ، کمشنر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر، پوسٹ ماسٹر جنرل اے پی سرکل ڈاکٹر ایم وی ایس ریڈی موجود تھے۔
چیف منسٹر کی آمد پر اس علاقہ میں جشن کا منظر دیکھا گیا۔ جامعہ نظامیہ کا احاطہ علما مشائخین ، فارغین و طلبائے جامعہ نظامیہ اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے معززین ، بیرون ملک اور ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے مندوبین اور عوام سے بھرا ہوا تھا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں