ویاپم اسکام - چیف منسٹر مدھیہ پرددیش کے خلاف ٹھوس ثبوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-19

ویاپم اسکام - چیف منسٹر مدھیہ پرددیش کے خلاف ٹھوس ثبوت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کے ایک وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے ویاپم اسکام کیس میں مرکز سے مداخلت کی خواہش کی اور دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کے اسکام میں ملوث ہونے سے متعلق ٹھوس ثبوت وزیر اعظم کے حوالہ کئے گئے ہیں ۔ کانگریس قائدین نے مدھیہ پردیش کے بعض حصوں میں حالیہ ژالہ باری کو قومی آفت قرار دینے اور کسانوں کے مناسب معاوضہ کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے دیاپم مسئلہ پر ملاقات کی اس مرتبہ وزیر اعظم کے روبرو ٹھوس ثبوت رکھے گئے ہیں ، لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیر اعظم یہ دعویٰ کرتے رہے تھے کہ وہ نہ رشوت لیں گے اور نہ کسی کو اس کی اجازت دیں گے ۔ اب ہم توقع کرتے ہیں کہ وزیر اعظم خود اپنے ہاتھوں اس معاملہ میں کارروائی کو آگے بڑھائیں گے اور اپنے الفاظ کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم اپنے قول پر قائم رہیں گے ۔ وفد میں سبل کے علاوہ ڈگ وجئے سنگھ، کمل ناتھ اور جیوترآدتیہ سندھیا بھی شامل تھے۔ مدھیہ پردیش پیشہ وارانہ امتحانات بورڈ میں بھرتی میں ہوئی بے قاعدگیوں کا معاملہ ویاپم کے نام سے مشہور ہے ۔یہ اسکام طویل عرصہ سے خبروں مینر ہا ہے اور کانگریس نے اس پر چیف منسٹر سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ریاست کی خصوصی ٹاسک فورس معاملہ کی اس وقت تک غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں کرسکتی جب تک چوہان چیف منسٹررہیں گے۔ سبل نے کہا کہ وفد نے ایک سی ڈی اور ایکسل شیٹ پر مشتمل دستاویز وزیر اعظم کو پیش کی جس میں131غیر قانونی تقررات کے منجملہ زائد از48ناموں کے آگے ’’سی ایم‘‘ لکھا ہوا ہے ۔ کانگریس قائدین کا دعویٰ ہے کہ یہ اسکام کے اصل ملزم نتن موہندرا کی کمپیوٹر ہارڈسک سے حاصل کی گئی اصل ایکسل شیٹ کی کاپی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قبل ازیں ہارڈسک سے چھیڑ چھاڑ کی گئی اور اس سے سی ایم کا نام حذف کردیا گیا۔

Vyapam scam: Cong leaders meet PM, submit 'solid evidence' against MP CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں