لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر پر مہاتما گاندھی کے تاریخی کانسی مجسمہ کی نقاب کشائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-15

لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر پر مہاتما گاندھی کے تاریخی کانسی مجسمہ کی نقاب کشائی

Statue-Mahatma-Gandhi-unveiled-Parliament-Square
لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر پر آج مہاتما گاندھی کے ایک تاریخی برونز مجسمہ کی نقاب کشائی عمل میں آئی۔ حکومت برطانیہ نے ہندوستان کے بابائے قوم کو یہ شاذونادر اعزاز عطا کیا ہے ۔ ہندوستان میں انگریزوں کی حکومت کے دوران مہاتما گاندھی نے جدو جہد آزادی کی رہنمائی کی تھی اور وہ نو آبادیاتی نظام کے سخت مخالف رہے تھے ۔ گاندھی جی کے9فٹ بلند مجسمہ کی نقاب کشائی میزبان وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اورہندوستان کے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ’’رگھوپتی راجہ رام‘‘ کے مشہور بھجن کی گونج میں انجام دی ۔ یہ بھجن بابائے قوم کا پسندیدہ بھجن رہا ہے ۔ نقاب کشائی کی تقریب میں متعدد سیاسی قائدین کے علاوہ بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن اور گاندھی کے پوتے گوپال کرشنا گاندھی بھی شریک تھے ۔ گاندھی جی وہ پہلی واحد ہندوستانی شخصیت ہیں جو کبھی بھی کسی عوامی عہدہ پر فائز نہیں رہے اور جن کا مجسمہ لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر پر نصب کیا گیا ۔ یہ مجسمہ برطانوی پارلیمنٹ کے بالکل سامنے ویسٹ منسٹرسپالیس میں اور مخالف نسل پرستی قائدین جیسے نیلسن منڈیلا کے مجسمہ کے قریب نصب کیا گیا ہے ۔ اس مجسمہ کے قریب ہی برطانیہ کے جنگ کے عہد کے وزیرا عظم چرچل کا بھی مجسمہ ہے ۔ گاندھی جی کے مجسمہ پر شال اڑھائی گئی ہے ۔ 1931ء میں لندن کے اپنے آخری دورہ کے موقع پر سردی سے بچنے کے لئے گاندھی جی نے شال اوڑھی تھی ۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ’’ یہ مجسمہ عالمی تاریخ کی ایک انتہائی قد آور شخصیت کے لئے عظیم خراج عقیدت ہے اور اس مشہور اسکوائر پر مہاتما گاندھی کا مجسمہ نصب کرتے ہوئے انہیں ہم اپنی تاریخ میں مداومت دے رہے ہیں ۔‘‘ڈیوڈ کیمرون نے گاندھی جی کے بعض مشہور اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کی تعلیمات آج بھی اہمیت کی حامل ہیں۔ یہ مجسمہ دنیا کی قدیم ترین جمہوری اور اس کے وسیع ترین ونیز گاندھی جی کے عالمی اثرکا مظہر ہے ۔ تاریخ میں ہمارے تعلقات قریبی رہے ہیں اور مستحکم ہوتے رہے ہیں ۔ باہمی احترام ، مساوات تعاون اور تجارت کے ذریعہ ان تعلقات کو استحکام ملا ہے۔ لگ بھگ15لاکھ ہندوستانیوں نے یقینی طور پر برطانیہ میں اپنا رول ادا کیا ہے اور آج برطانیہ ان کی خدمت کا معترف ہے اور اس طرح ہمارے دونوں ممالک قریب تر آئے ہیں اور یہ روابط دونوں کے لئے فائد بخش ہیں ۔، ارون جیٹؒ ی نے جنہیں گاندھی جی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے لئے خصوصی طور پر برطانیہ مدعو کیا گیا تھا، کہا کہ یہ مجسمہ برطانیہ کے احساس تمدن کے لئے خراج ہے ۔ اب برطانیہ نے ایک ایسی شخصیت کو اعزاز دینا پسند کیا جن کو روایتی طور پر ان کا مخالف یا دشمن سمجھاجاتا تھا ۔ اس مجسمہ کی تنصیب برطانیہ کی روشن خیالی اور برطانوی جمہوریت دونوں کے لئے عظیم خراج ہے ۔ برطانیہ میں اپنی سر زمین پر گاندھی جی کے مجسمہ کے لئے ایک انتہائی ممتاز عوامی جگہ کا انتخاب کیا ہے ۔ یہ ایک عظیم دن ہے جب دو مخالفین اور دو جداگانہ نظریات رکھنے والے جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کی ستائش کرتے ہیں ۔

Statue of Mahatma Gandhi unveiled in Parliament Square

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں