یوگیندر سے سینئر پارٹی قائدین کی ملاقات - عام آدمی پارٹی میں تعطل کے خاتمہ کی کوشش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-18

یوگیندر سے سینئر پارٹی قائدین کی ملاقات - عام آدمی پارٹی میں تعطل کے خاتمہ کی کوشش

نئی دہلی
پی ٹی آئی
یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کی جانب سے عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کو صلح کی پیشکش کے ایک دن بعد پارٹی صدر نے آج جواب دیتے ہوئے کہا کہ جلد ملیں گے ۔ دونوں قائدین کی جانب سے کل صبح کجریوال کو ایک ایس ایم ایس روانہ کیا گیا تھا ۔ دونوں متحارب گروپس کے درمیان مفاہمت کی ایک اور علامت اس وقت سامنے آئے جب کجریوال کیمپ کے سینئر قائدین نے کل رات دیر گئے یا دو سے ملاقات کی اور کئی متنازعہ مسائل پر بات چیت کی ۔ چیف منسٹر دہلی کی واپسی کے کئی گھنٹے بعد یہ ملاقات ہوئی تھی ۔ دونوں کیمپس نے اس ملاقات اور بات چیت کو مثبت قرار دیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سینئر قائدین سنجے سنگھ، کمار وشواس ، اشوتوش اور آشیش کھیتان نے کل رات دیر گئے یادو سے ملاقات کی اور بات چیت صبح3بجے تک جاری رہی ۔ سنجے سنگھ نے ٹوئٹر پر کہا پارٹی میں گزشتہ چند روز سے پیش آرہے واقعات پر ہم فکر مند تھے ۔ ہم نے یوگیندر بھائی کے ساتھ بات چیت شروع کی ہے ۔ یہ ایک اچھی پہل رہی ۔ یوگیندر یادو کے قریبی ذرائع نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا ۔ پارٹی قائد کمار وشواس نے آج صبح کہا تین گھنٹے نیند لینے کے بعد پرسکون محسوس کررہا ہوں ۔ اب امن و سکون ہے ۔ ہم کامیاب رہیں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے عام آدمی پارٹی داخلی رسہ کشی کا شکار ہے ۔ پارٹی میں دونوں کیمپ کے قائدین ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کررہے ہیں۔ کجریوال کیمپ نے الزام عائد کیا تھاکہ بھوشن و یادو یہ چاہتے تھے کہ پارٹی دہلی اسمبلی میں انتخابات میں ہار جائے اور وہ دہلی کے چیف منسٹر کو عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر کے عہدہ سے ہٹا نا چاہتے تھے۔ ان دونوں کو جاریہ ماہ کے اوائل میں پارٹی کے ایک اجلاس میں طاقتور سیاسی امور کمیٹی سے خارج کردیا گیا تھا ۔ کجریوال بنگلورو میں بارہ روزہ نیچروپیتھی علاج کے بعد کل رات دہلی واپس ہوئے ۔ وہ اپنی کہنہ کھانسی اور بے قابو ذیابیطس کا علاج کرانے بنگلورو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق یادو کے ساتھ عام آدمی پارٹی قائدین کی ملاقات ، تعطل کو ختم کرنے کے لئے ایک پہل تھی۔

Sign of a truce in AAP, Senior leaders meet Yogendra Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں