خطے میں امن و استحکام کے لیے یمنی قانونی صدر کی درخواست پر کارروائی - سعودی عرب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-27

خطے میں امن و استحکام کے لیے یمنی قانونی صدر کی درخواست پر کارروائی - سعودی عرب

ریاض
اردو نیوز (سعودی عرب)
امت مسلمہ نے یمن میں منتخب قانونی حکومت کی بحالی اور باغی حوثیوں کی سرکوبی کے لئے سعودی عرب کی زیر قیادت فیصلہ کن طوفان کی حمایت کردی ۔ امت کے ادراروں، تنظیموں ، حکمرانوں اور عوامی و علمی و فکری شخصیتوں نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن میں منتخب حکومت کی بحالی اور باغی حوثیوں کی سرکوبی کے لئے فیصلہ کن طوفان کے نام سے جو فوجی اقدام کیا ہے وہ پورے خطے کے امن و استحکام اور یمن کے قانونی حکام کی درخواست پر انجام دیا ہے۔ بحرینی پارلیمنٹ نے یمنی عوام کو باغی حوثیوں سے نجات دلانے کے لئے یمنی صدر کی مداخلت کی درخواست پر جی سی سی ممالک کے عسکری اقدام کی حمایت کی ہے ۔ بحرینی پارلیمنٹ نے واضح کیا کہ فیصلہ کن طوفان آپریشن یمن کی منتخب حکومت سے بغاوت کرنے والے حوثیوں کا فیصلہ کن جواب ہے۔ اسلامی فقہ اکیڈمی نے اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ سعودی عرب کی زیر قیادت فیصلہ کن طوفان کا اقدام بر وقت مناسب اور مطلوب ہے ۔ لیبیا نے یمن میں باغیوں کے خلاف فیصلہ کن طوفان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں نے منتخب حکومت پرقبضہ کرنے کے لئے جو طریقہ کار اختیار کیا تھا اسے ہم پوری طرح سے مسترد کرتے ہیں۔ جبوتی کے وزیر خارجہ محمود علی یوسف نے کہا کہ ہم یمن میں فوجی آپریشن میں شریک اتحادی ممالک کے ساتھ ہیں ۔ لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد الحریری نے کہا کہ شاہ سلمان نے حکیمانی اور جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے ۔ یمن میں ایران کی مداخلت عرب رد عمل کی متقاضی ہے ۔ فلسطینی صدر نے یمن کے اتحاد و سالمیت کے لئے سعودی عرب خلیجی اور شریک عرب ممالک کے فیصلے کی بھرپور حمایت کی ۔ قاہرہ میں شامی قومی محاذ نے واضح کیا کہ فیصلہ کن طوفان کا اقدام ایرانی نظام حکومت کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جارحیت کا درست جواب ہے ۔ اردن نے اعلان کیا کہ وہ آپریشن میں شریک ہے اور وہ یمن میں سیاسی عمل اور منتخب حکومت کی حمایت کرتا ہے ۔ سعودی مجلس شوریٰ نے شاہ سلمان کے فیصلے کو سیاسی بصیرت اور امت و ہمسائے کے حوالے سے فرض کی ادائیگی کا آئینہ قرار دیا ۔ سعودی عرب کے ممتاز علماء کے بورڈ نے یمن کی منتخب حکومت کی بحالی اور باغی عناصر کی سرکوبی کے لئے قانونی صدر کی درخواست پر اقدام کو شرعی تقاضوں کے عین مطابق بتایا ۔ مسلم ممالک کی اسلامی تنظیموں ، جماعتوں اور اداروں کی ترجمان رابطہ عالم اسلامی نے فیصلہ کن طوفان کی حمایت کی اور واضح کیا کہ یہ فیصلہ منتخب حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے ۔ سعودی عرب نے اپنے حلیف ممالک کے تعاون سے یمن کے معاملات کو پر امن طور پر حل کرنے کی ہر کوشش کی اور اس سلسلے میں ادنی فرو گزاشت سے کام نہیں لیا۔

Saudi Arabia action against security and the stability of the region

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں