پاکستانی پرچم معاملہ - آسیہ عندرابی کی گرفتاری پر پاکستان کا ردعمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-27

پاکستانی پرچم معاملہ - آسیہ عندرابی کی گرفتاری پر پاکستان کا ردعمل

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان نے آج کہا ہے کہ ملک کے قومی دن کے موقع پر کشمیر میں ایک خاتون علیحدگی پسند لیڈر کی جانب سے پاکستانی پرچم لہرائے جانے سے کشمیریوں کے جذبات اور پاکستان کے لئے ان کی محبت کا اظہار ہوتا ہے ۔ کشمیری علیحدگی پسند لیڈر آسیہ عند رابی کے خلاف کیس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کا پرچم لہرانے سے کشمیری عوام اور پاکستان کے لئے ان کی محبت کا اظہار ہوتا ہے ۔ اس سے یہ پتہ بھی چلتا ہے کہ کشمیری مقبوضہ علاقہ میں ہیں جنہیں استبدادی طریقوں کا سامنا ہے ۔ تسنیم اسلم نے الزام لگایا کہ کشمیر کے عوام کو ان کے خیالات اور جذبات کے اظہار کا موقع نہیں دیاجاتا اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے کاز کے لئے اخلاقی، سیاسی، سفارتی تائید کرتا رہے گا ۔ اس دوران سخت گیر حریت کانفرنس نے عند رابی کے خلاف کیس درج کرنے پر تنقید کی ۔ حریت کے ترجمان ایاز اکبر نے ایک بیان میں کہا کہ اگر یوم پاکستان تقاریب میں شرکت کرنا جرم ہے تو دہلی کی حکومت کو مملکتی وزیر اور سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید کی زیر قیادت حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ہندوستان کی فرقہ پرست پارٹیوں سے مختلف نہیں ہے ۔ ان کی نام نہاد موافق کشمیر پالیسی محض ایک فریب ہے ۔

For hoisting Pak flag in Kashmir, Pakistan Salutes Asiya

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں